ریڈیو پاکستان نے پیرس میں منعقدہ عالمی ریڈیو مقابلہ جیت لیا

امید ہے ملازمین اسی طرح ادارے کانام روشن کریں گے،وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات

امید ہے ملازمین اسی طرح ادارے کانام روشن کریں گے،وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشر یات۔ فوٹو: فائل

ریڈیو پاکستان نے پیرس میں ہونے والا عالمی ریڈیو مقابلہ 2019 جیت لیاہے۔

عالمی یوم ریڈیو کے حوالے سے یورپی ریڈیو اینڈڈیجیٹل آڈیو شو پیرس نے یونیسکو کے اشتراک سے ''عالمی ریڈیو مقابلہ 2019''کا انعقاد کیا، پہلی پوزیشن ریڈیو پاکستان اور چلڈرن انٹرنیشنل یوتھ رپورٹرز زمبیانے مشترکہ طور پر حاصل کی ہے جب کہ ریڈیو بورن ماؤتھ یونیورسٹی برطانیہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔


ریڈیو پاکستان اسلام آباد سے نشر ہونے والے پروگرام رابطہ میں13فروری کو عالمی یوم ریڈیو کے موقع پر امن، برداشت اور مکالمے کے فروغ میں ریڈیو کی اہمیت و کردار سے متعلق خصوصی پروگرام نشر کیا گیا۔ منتظمین کی جانب سے ریڈیو پاکستان اسلام آباد کی پروڈکشن کو بہترین قرار دیتے ہوئے اول انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔

وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشر یات اور ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان شفقت جلیل نے ریڈیو پاکستان اسلام آباد کے اسٹیشن ڈائریکٹر محمد فیاض کیانی اور پروگرام رابطہ کی پروڈکشن ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ریڈیو پروگرام پروڈیوسرز اسی طرح محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت سے کام کرتے ہوئے اپنے ادارے کی ساکھ کو قومی اور بین الاقومی سطح پر اجاگر کریں گے۔ انعام جیتنے والے پروگرام کی ایگزیکٹو پروڈیوسر رفعت قیوم تھیں۔
Load Next Story