ورلڈ ایتھلیٹکس بورلی برادرز نے تاریخ رقم کردی

زوزانا ہیجنووا ویمنز 400 میٹر ہرڈلز چیمپئن، سال کے بہترین ٹائم کا ریکارڈ قائم

زوزانا ہیجنووا ویمنز 400 میٹر ہرڈلز چیمپئن، سال کے بہترین ٹائم کا ریکارڈ قائم۔ فوٹو: فائل

بیلجیئم کے بورلی برادرز نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپس میں تاریخ رقم کردی، جمہوریہ چیک کی زوزانا ہیجنووا نے ویمنز 400 میٹر ہرڈلز میں سونے کا تمغہ جیت لیا، کینیا کے بے مثال ایزیکائل کیمبوئی نے تیسرا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

تفصیلات کے مطابق ماسکو میں جاری ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپس میں جمعرات کے روز بیلجیئن بورلی برادرز نے 4x400 میٹر ریلے میں شرکت کرکے ورلڈ ٹریک میں نئی تاریخ رقم کردی، جڑواں بھائیوں جوناتھن اور 2011 ورلڈ 400 میٹر برانز میڈلسٹ کیون نے ورلڈ ڈیبیو کرنے والے اپنے چھوٹے بھائی ڈائلان اور انٹونی گلٹ کے ساتھ ریس میں حصہ لیا، ورلڈ چیمپئن شپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ تین سگے بھائیوں نے ایک ساتھ ایک ہی مقابلے میں شرکت کی ہو۔




فرسٹ لیگ میں گلٹ کی ناقص کارکردگی کے بعد جوناتھن نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ بعد میں برازیل کے ویگنر کارڈوسو نے ڈیبوٹینٹ ڈائلان پر تیسری لیگ میں قابو پاکر بیلجیئم کے چاروں ایتھلیٹس کو چوتھی پوزیشن پر دھکیلا لیکن کیون نے شدید جدوجہد کے بعد دوبارہ تیسری پوزیشن پر قبضہ کرلیا، اس طرح تین ریسز میں 2 جیت کے ساتھ دیگر دو تیز ترین افراد خود بخود کوالیفائی کرگئے۔

ویمنز 400 میٹر ہرڈلز میں جمہوریہ چیک کی زوزانا ہیجنووا نے اپنی فیورٹ پوزیشن کو برقرار رکھتے ہوئے ورلڈ ٹائٹل جیت لیا۔ 26 سالہ ایتھلیٹ نے 52.83 سیکنڈ میں فتح حاصل کرکے سال کے بہترین ٹائم کا ریکارڈ قائم کردیا۔ 3 ہزار میٹر اسٹیپل چیز میں کینیا کے ایزیکائل کیمبوئی نے آسانی کے ساتھ اپنا تیسرا ٹائٹل جیتا۔

Recommended Stories

Load Next Story