برازیلین ڈیفینڈر نے اپنے ہی نشیمن پر بجلیاں گرادیں

ارجنٹائن کی اٹلی پر2-1 سے فتح، پیراگوئے نے جرمنی کیخلاف مقابلہ3-3سے برابر کرلیا،ابراہمووچ کی ہیٹ ٹرک

دوستانہ فٹبال میچ میں جرمن مڈ فیلڈرتھامس مولرگیند کو کک لگانے کیلیے کوشاں، پیراگوئین کھلاڑی میگویل ساموڈیوسامنے موجود ہیں ،مقابلے کا اختتام 3-3 گول سے برابری پر ہوا۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD:
دوستانہ فٹبال میچ میں برازیلین ڈیفینڈر ڈینی ایلویس نے اپنے ہی نشیمن پر بجلیاں گرا دیں، انھوں نے اپنی ٹیم کے گول پوسٹ میں گیند پہنچاکر سوئٹزرلینڈ کو 1-0 سے فتح کا تحفہ پیش کیا۔

انگلینڈ نے پرانے حریف اسکاٹ لینڈ کو سنسنی خیز معرکے میں 3-2 سے دبوچ لیا، ارجنٹائن نے لیونل میسی کی غیرحاضری میں بھی اٹلی کو تگنی کا ناچ نچاتے ہوئے2-1 کی فتح ریکارڈ کر لی، پیراگوئے نے حیران کن طور پر جرمن سائیڈ کے خلاف مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا، ذلاٹن ابراہمووچ کی ہیٹ ٹرک نے سوئیڈن کو ناروے پر 4-2 سے کامیابی دلا دی، مصر نے یوگینڈا کو 3-0 سے روندا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مختلف ممالک کے درمیان دوستانہ فٹبال میچز کھیلے گئے، جس میں ٹیموں نے آئندہ ماہ شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائرز کے نئے رائونڈ سے قبل اپنی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

باسل میں برازیل کو اپنے ہی دفاعی کھلاڑی ڈینی ایلویس کی وجہ سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، جون میں کنفیڈریشنز کپ میں فتح کے بعد ٹیم پہلا میچ کھیل رہی تھی، سوئٹزرلینڈ کے خلاف مقابلے کا پہلا ہاف کافی تنائو بھرا رہا، ابتدائی24 منٹ کے دوران میزبان فٹبالرز فلپ سینڈروز اور والون بہرامی اور برازیل کے نیمار کو یلو کارڈز کا نظارہ کرایا گیا، 38 ویں منٹ میں نیمار نے حریف گول پوسٹ پر چڑھائی کی مگر ان کی کراس پر فریڈ گیند کو جال میں نہیں ڈال پائے اور وہ پول سے ٹکرا کر باہر چلی گئی، وقفے سے تین منٹ قبل برازیلین فل بیک ایلویس نے ہیڈرر پر گیند کلیئر کرنے کی کوشش کی مگر وہ ان کے اپنے ہی گول پوسٹ میں چلی گئی، انھوں نے مایوسی کے عالم میں اپنا سرتھام لیا جبکہ ساتھی کھلاڑی سر پیٹتے رہ گئے، بعد میں برازیل کو اس گول کی تلافی کا موقع نہیں مل سکا اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔




ویمبلے میں فٹبال کے 2 پرانے دشمنوں انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈکا ٹکرائو ہوا،اسٹیڈیم میں موجود 20 ہزار مہمان شائقین کو اسکاٹش ٹیم نے2 مرتبہ خوشی سے جھومنے کا موقع فراہم کیا، جیمز موریسن اور کینی ملر نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی مگر انگلینڈ نے ہر بار بھرپور انداز میں کم بیک کیا، پہلے تھیو والکوٹ نے مقابلہ برابر کیا دوسری مرتبہ ڈینی ویل بیک نے اسکاٹش برتری ختم کی۔ فیصلہ کن گول سائوتھمپٹن کے اسٹرائیکر رکی لیمبرٹ نے اپنے ڈیبیو کے صرف 20 منٹ بعد کرکے ٹیم کو 3-2 سے فتح دلا دی۔ جہاں انگلینڈ نے فتح پر خوشیاں منانا شروع کیں وہیں کیزن سلائوٹرمیں ایک بار پھر جرمنی کو اپنی دفاعی کمزوریوں پر مایوسی سے ہاتھ ملنا پڑا،اگرچہ اسے شکست نہیں ہوئی مگر وہ پیراگوئے سے میچ جیت بھی نہیں پایا۔

مقابلہ 3-3 سے ڈرا ہوگیا، میزبان سائیڈ ورلڈ کپ 2010 کے کوارٹرفائنلسٹ کے خلاف 2 مرتبہ خسارے کا شکار ہوئی، ایک بار 0-2 اور دوسری بار 2-3 کے نقصان میں جانے کے باوجود کم بیک کیا، الکے گنڈاگن ، تھامس مولر اور لارس بینڈر نے گول کیے، پیراگوئے کی ٹیم اس بار بھی کوالیفائنگ گروپ میں آخری نمبر پر موجود اور اس کے مسلسل پانچویں مرتبہ ورلڈ کپ میں شریک ہونے کی کوئی امید نہیں ہے۔ گویاکل میں اسپین نے ایکواڈور کو 2-0 سے شکست دی، مانچسٹر یونائیٹڈ کے الویرو نگریڈو اور آرسنل کے سانٹی کازورلا نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ روم میں ارجنٹائن نے اٹلی کو 2-1 سے ہرایا، ارجنٹائن کو اس میچ کیلیے اپنے سپر اسٹار لیونل میسی کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔

حال ہی میں سیری اے سائیڈ نپولی کو جوائن کرنے والے گونزالو ہگین اور ایویر بینیجا نے مہمان سائیڈ کی جانب سے گول کیے، میزبان اٹلی کا واحد گول لورینزانسائن نے کیا، اٹالین سائیڈ کو بھی اپنے اسٹار اسٹرائیکر ماریو بالوٹیلی کا ساتھ حاصل نہیں تھا۔ پیرس سینٹ جرمین کے اسٹرائیکر ذلاٹن ابراہمووچ کی ہیٹ ٹرک کی بدولت سوئیڈن نے اپنے ہمسایہ ملک ناروے کو سولنا میں 4-2 سے شکست دے دی۔ فرانس اور بیلجیئم کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا۔ سراجیو میں امریکا کے فارورڈ جوزی الٹیڈورے نے بھی تین گول کیے جس کی بدولت ان کی ٹیم بوسنیا کو 4-3 سے قابو کرنے میں کامیاب رہی۔ کولمبیا نے بارسلونا میں سربیا کو 1-0 سے شکست دی، فیصلہ کن گول فریڈی گورن نے کیا۔ چلی نے جنگ زدہ ملک عراق پر خوفناک حملے کرتے ہوئے 6-0 سے فتح سمیٹی۔ اردن نے لیبیا کو 2-1 سے شکست دے دی۔
Load Next Story