کرپٹ حکومت ختم کرکے اسلامی نظام قائم کیا جائے سکندر حیات

واقعہ لائیو دکھانا درست نہیں، طلعت حسین، خرم دستگیر، عارف علوی کی بھی ’’کل تک‘‘ میں گفتگو

واقعہ لائیو دکھانا درست نہیں،طلعت حسین، خرم دستگیر، عارف علوی کی بھی ’’کل تک‘‘ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد سیکیورٹی فورسز کے لیے کئی گھنٹے تک چیلنج بننے والے سکندر نے کہا ہے کہ میرے مطالبات یہ ہیں کہ کرپٹ حکومت ختم کی جائے، عوام کی امنگوں کے مطابق ملک میں اسلامی نظام قائم ہونا چاہیے کیونکہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں سکندر نے میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں کہا کہ مجھے خدا کے پاس جانا ہے میرا کوئی والی وارث نہیں، مجھ سے زیادہ بہتر طورپر میرے بچوں کی حفاظت کوئی نہیں کرسکتا، ہمارے ملک کے غداروں نے راز فاش کیے ہیں، کیا آپ سمجھتے ہیں کہ دہشتگردی مسلمان کررہے ہیں، ان غداروں نے ملک کا نظام خراب کردیا، ہماری قوم پٹ رہی ہے، 18 کروڑ عوام باہر نہیں نکلے لیکن میں تو نکل آیا ، مجھے تو سونا بھی اچھا نہیں لگتا۔




سکندر کی بیوی کنول نے کہا کہ ہمارا مطالبہ دین اسلام کا نفاذ، حکومت کا خاتمہ اور اسلام کے اصولوں کے مطابق نئے الیکشن کرانا ہے، آپ کا شکریہ کہ آپ ہمارے مطالبے کو درست قراردیتے ہیں اگر ہم یہ اقدام نہ کرتے تو کوئی بھی ٹی وی چینل حکومت کی برائی نہ کرتا، ہم نے اپنے بچوں کو کہا کہ وہ لاہور چلے جائیں یا حافظ آباد واپس چلے جائیں لیکن وہ ہم سے جدا ہونے کو تیار نہیں ہمارے بچے خوش ہیں اور کھیل رہے ہیں، مجھے پتہ ہے کہ سڑک پر یہ مسائل حل نہیں ہونگے، میں اپنے شوہر کے علاوہ اورکسی پر اعتماد نہیں کرتی، ہمارے پاس خوراک کا بندوبست ہے اور ہم بہت جلد یہاں سے نکل رہے ہیں۔

تجزیہ کار طلعت حسین نے کہا کہ اسلام آباد میں مسلح شخص کے واقعے کو لائیو دکھانا درست نہیں تھا کیونکہ فورسز کیمروں کی موجودگی میں رزلٹ نہیں دے سکتی تھیں۔ لیگ کے رہنما خرم دستگیر خان نے کہا کہ وزیرداخلہ کی حکمت عملی یہی تھی کہ سکندر کوزندہ پکڑا جائے اور اس کی بیوی اوربچوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔
Load Next Story