ہم نے ٹارگٹ کلرز گرفتار کیے جج سزائیں نہیں دیتے شرجیل

فوجی آپریشن کیا جائے، شاہی سید، مسلح ونگ ختم کیے جائیں، ایاز پلیجو، ٹودی پوائنٹ میں گفتگو

فوجی آپریشن کیا جائے، شاہی سید، مسلح ونگ ختم کیے جائیں، ایاز پلیجو، ٹودی پوائنٹ میں گفتگو۔ فوٹو: ایکسپریس

لاہور:
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہاہے کہ پنجاب میں جرائم کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ ایک سال میں 10 ہزار افراد اغوا ہوئے۔ پروگرام ٹودی پوائنٹ میں اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ کراچی میں کوئی تیسری قوت حالات خراب کرتی ہے، مجرم اپنے جرائم چھپانے کے لیے سیاسی جماعتوں کا شیلٹر لے لیتے ہیں۔ ہم نے بڑے بڑے ٹارگٹ کلرز کو گرفتا ر کیا لیکن ججز ڈر کی وجہ سے ان کو سزائیں نہیں دیتے۔


اگر چیف جسٹس کے دل میں کراچی کا درد ہے تو اپنے ججز سے کہیں کہ ڈریں مت، سزائیں سنائیں، نہیں تو کرسی چھوڑدیں۔ چیف جسٹس کو عتیقہ اوڈھو کی شراب کی بوتل نظر آجاتی ہے لیکن کراچی کی گرتی لاشیں نظر نہیں آتیں۔ لیاری میں عزیر بلوچ سے نہیں بزرگ کمیٹی سے مذاکرات ہورہے ہیں۔ اے این پی کے رہنما شاہی سید نے کہا کہ کراچی کا امن سوات اور بونیر کی طرح بلاتفریق فوجی آپریشن سے لوٹے گا۔ اگر آج محترمہ بینظیر بھٹو ہوتیں تو کسی بھی قاتل بھتہ خور کو نہ چھوڑتیں۔ ایسی قانون سازی ہونی چاہیے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے پاس مسلح ونگ نہ ہو اور ایسی جماعت کو الیکشن کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

حکومت ٹیلی فون پر دہشتگردوں کو چھڑا رہی ہے، اگر اے این پی کسی کو چھڑانے کی کوشش کی ہو تو خدا کی لعنت ہو۔کالے کو کالا اور سفید کو سفید کہنے کا وقت آن پہنچا ہے ۔ عوامی تحریک کے رہنما ایاز لطیف پلیجو نے کہاکہ کراچی کے امن کے لیے بہت سے کام کرنا ہوں گے سب سے پہلے تمام سیاسی جماعتوں کے مسلح ونگ ختم کرنے کی ضرورت ہے۔اچھے پولیس افسران کو تحفظ ملنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں آج تک کسی بھی دہشت گرد کو سزائے موت نہیں دی گئی۔ دنیا کے کسی بھی ملک میں ایسا نہیں ہوتا جیسا کراچی میں ہورہا ہے۔ اگر گاڑی سے ہاتھ باہر نکالیں تو گھڑی اترجاتی ہے۔
Load Next Story