شہر میں سگ گزیدگی کے متعدد واقعات مکینوں میں خوف و ہراس

کتوں کےکاٹنےکےباعث بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوچکے ہیں،شکایات کے باوجودبلدیاتی ادارے اقدامات نہیں کررہے ہیں، شہری۔

کتوں کے کاٹنے کے باعث بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوچکے ہیں، شہری

مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کی بہتات کے باعث سگ گزیدگی کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں تاہم متعلقہ بلدیاتی اداروں کی جانب سے ابھی تک ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق جمشیدٹائون، گلشن اقبال، محمودآباد، لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل ، لیاقت آباد، ناظم آباد، خاموش کالونی، فیڈرل بی ایریا، شریف آباد اور دیگر علاقوں میں سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات سے ان علاقوں میں خوف وہراس پیدا ہوگیا ہے اور شہریوں نے رات کو گھر سے باہر نکلنا چھوڑ دیا ہے، شہریوں نے بتایا کہ آوارہ کتوں کے کاٹنے کے باعث بچوں سمیت متعدد افراد شدید زخمی ہوچکے ہیں جن کو فوری طور پر طبی امداد کیلیے اسپتال لیجایا گیا اور اینٹی ربیز کی ویکسین دی گئی۔

مکینوں نے بتایا کہ فجر کی نماز کیلیے مسجد جانے والے نمازی اور صبح اسکول جانیوالے طلبہ وطالبات سگ گزیدگی کا شکار ہوچکے ہیں ، مکینوں نے بتایا کہ یونین کونسل آفسز اور ڈسٹرکٹ میونسپل آفسز میں کئی بار شکایات درج کرائیں کہ سگ گزیدگی کے واقعات کی روک تھام کیلیے کتا مار مہم چلائی جائے، مختلف ڈی ایم سیز کی جانب سے گذشتہ دنوں کتا مار مہم چلائی گئی تاہم کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی اور آوارہ کتوں کی تعداد میں کسی قسم کی کمی نہیں ہوئی، شہریوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے پر فوری توجہ دیتے ہوئے متعلقہ بلدیاتی اداروں کو ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کریں تاکہ پورے شہر میں بیک وقت کتا مار مہم چلائی جاسکے ۔
Load Next Story