نائٹ ٹیسٹ سری لنکا نے لائٹس آن ہونے سے پہلے ہی بجھادیں

پنک گیند سے پریکٹس کی کمی کو جواز بنا کر پاکستانی پیشکش مسترد کردی، میچز روایتی طور پر دن میں ہی ہوں گے

پنک گیند سے پریکٹس کی کمی کو جواز بنا کر پاکستانی پیشکش مسترد کردی، میچز روایتی طور پر دن میں ہی ہوں گے۔ فوٹو: فائل

سری لنکا نے اولین ڈے نائٹ ٹیسٹ کی لائٹس آن ہونے سے پہلے ہی بجھا دیں، بورڈ نے پنک گیند سے پریکٹس کی کمی کو جواز بنا کر پاکستانی پیشکش رد کر دی، یوں دسمبر و جنوری میں شیڈول سیریز کے تینوں ٹیسٹ روایتی طور پر دن میں ہی کھیلے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو ویب سائٹ ''کرک انفو'' نے سب سے پہلے یہ انکشاف کیا کہ پی سی بی سری لنکا سے سیریز میں ایک نائٹ ٹیسٹ بھی کرانا چاہتا اور اس سلسلے میں مذاکرات جاری ہیں، بعد ازاں بورڈ نے تجربات کیلیے گلابی اور نارنجی رنگ کی گیندیں بھی کولمبو بھجوا دیں، سری لنکن بورڈ نے حتمی فیصلہ ایگزیکٹیوکمیٹی، سلیکٹرز اور کھلاڑیوں پر چھوڑ دیا تھا، گذشتہ روز پاکستانی آفر مسترد کرنے کا اعلان کیا گیا۔

ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ نئی پنک گیند کے ساتھ ہمارے کھلاڑیوں نے فلڈ لائٹس میں پریکٹس نہیں کی، اسی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ نے نائٹ ٹیسٹ کی تجویز کو شرف قبولیت نہیں بخشا، ایگزیکٹیو کمیٹی ان کے فیصلے کو تسلیم کرتی ہے، ہم نے پی سی بی کو بتا دیا کہ ان کی درخواست پر ڈے نائٹ ٹیسٹ نہیں کھیل سکتے۔




یاد رہے قبل ازیں صدر جیانتھا دھرماداسا نے اس حوالے سے مثبت اشارے دیے لیکن اسکواڈ کو شدید تحفظات تھے، سری لنکن ٹیم تقریباً ایک برس بعد ٹاپ 8 میں شامل کسی سائیڈ سے ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے، بورڈ نے اہم مقابلوں میں فتح کے امکانات روشن رکھنے کیلیے یہ قدم اٹھایا۔ یاد رہے پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی بڑھانے کیلیے وہ اولین ڈے نائٹ میچ کا انعقاد چاہتا ہے، امارات بورڈ نے بھی اس ضمن میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی تھی تاہم پورے منصوبے پر پانی پھر گیا، آئی سی سی نے گذشتہ برس فلڈ لائٹس میں ٹیسٹ کرانے کی اجازت دیتے ہوئے کھیل کے اوقات، گیند کے رنگ اور برانڈ کا معاملہ بورڈز پر ہی چھوڑ دیا تھا۔

پاکستان جنوری اور دسمبر 2011 میں اورنج گیند کے ساتھ فرسٹ کلاس میچز بھی کرا چکا ہے۔ یو اے ای میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم مگر دن میں کام کے اوقات پر وہ میچ دیکھنے نہیں آ پاتے، ڈے نائٹ ٹیسٹ میں شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم پہنچ سکتی تھی، سیریز کا آغاز 11 دسمبر کو دبئی میں ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہوگا، اس طرز کے مزید ایک میچ کے بعد 5 ون ڈے اور 3 ٹیسٹ کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے سیکیورٹی مسائل کے سبب پاکستان 2009 سے ہوم سیریز دیار غیر میں کھیلنے پر مجبور ہے۔
Load Next Story