بچے کی ہلاکت پر مشتعل افراد کا احتجاج ہنگامہ آرائی

مظاہرین نے 7سالہ محمدجان کی لاش آلاصف اسکوائر کے قریب رکھ کرسڑک بند کردی، ٹریفک جام ہوگیا

احتجاج کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، مظاہرین سے مذاکرات کرکے ٹریفک روانی بحال کردی۔ فوٹوَ: فائل

سپر ہائی وے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران بچے کی ہلاکت پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا جب کہ مشتعل افراد نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ایک موٹر سائیکل اور ٹائر جلائے، ہنگامہ آرائی کے باعث سپرہائی وے پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔

سپر ہائی وے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران 7سالہ بچے کی ہلاکت پرمکینوںنے احتجاج کیا اورآلاصف اسکوائرکے قریب میت رکھ کر سڑک بندکردی جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں،اس موقع پرمشتعل افراد نے ایک سرکاری موٹر سائیکل اورٹائر نذرآتش کیے اورگاڑیوں پرپتھراؤ بھی کیا جس کے نتیجے میں 4گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے،احتجاج کے باؑعث سرکاری عملہ آپریشن ادھوراچھوڑ کرواپس چلاگیا۔


مظاہرین کاالزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھاکہ ان کے گھر گرانے کے لیے 15دن پہلے نوٹس دیا گیا تھا اور آج اچانک سرکاری عملہ پہنچا اور بھاری مشینری سے گھر گرانا شروع کردیے اسی دوران ایک دیوار 7سالہ بچے محمد جان پر گرگئی جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔

جاں بحق ہونے والے بچے محمد جان کے والد تاج میر نے ایکسپریس کو بتایا وہ محنت کش ہے انتظامیہ نے 15 اپریل تک گھر خالی کرنے کے لیے نوٹس دیے تھے جمعے کو بھاری مشینری کے ساتھ مکانات گرانا شروع کردیے جس سے اس کا 7سالہ بیٹا جاں بحق بیوی اور دیگر بچے زخمی ہوگئے جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

احتجاج کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اورمظاہرین سے مذاکرات کیے جس کے بعد مظاہرین منتشرہوگئے جس کے بعد پولیس نے موقع سے ملبہ ہٹاکر کنارے پر کرکے سپرہائی ہوئے ٹریفک کے لیے بحال کر دی۔
Load Next Story