گندم کی قیمت اجرا 3450 روپے فی 100 کلو مقرر کرنیکی منظوری

عوام کوگندم اورآٹے کی مقررہ نرخوں پر رسائی یقینی بنائی جائے،وزیراعلیٰ سندھ

عوام کوگندم اورآٹے کی مقررہ نرخوں پر رسائی یقینی بنائی جائے،وزیراعلیٰ سندھ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے فی 100کلوگرام گندم کی قیمت اجرا 3450 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے اور حکام کوہدایت کی کہ عوام کوگندم اورآٹے کی مقررہ نرخوں پررسائی یقینی بنائی جائے۔

یہ منظوری انھوںنے اپنی صدارت میں جمعے کو وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دی جس میں محکمہ خوراک اور محکمہ خزانہ کے حکام نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ خزانہ ، منصوبہ بندی و ترقیات کے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 310 ترقیاتی منصوبے رواں سال دسمبرتک مکمل ہونگے۔




وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے تمام صوبائی سیکریٹریز اورڈویژنل کمشنرز کوترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کرنے کے احکام جاری کیے تاکہ ان کاموں کوطے شدہ وقت پرمکمل کرکے اس مقصد کے لیے رکھی گئی خطیر رقم کے فوائد عام لوگوں تک پہنچائے جاسکیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے ۔ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2013-14سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات عار ف احمد خان نے بتایا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک 16200.313 ملین روپے کی خطیر رقم سے 541جاری اسکیمیں مکمل ہوجائیں گی۔ 310ترقیاتی منصوبوں کے لیے رواں ہفتے 9751.18 ملین روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔
Load Next Story