سنسناٹی ٹینس میں بڑے برج الٹنے سے سناٹا چھا گیا

سربیئن اسٹار کی تمام 9 ماسٹرز ٹائٹل جیتنے والے پہلے کھلاڑی بننے کی حسرتیں خواب میں مل گئیں۔

سوئس اسٹار راجر فیڈرر بھی اپنے پرانے حریف رافیل نڈال کے ہاتھوں مات کھا گئے ۔ فوٹو: گیٹی امیجز/اے ایف پی

سنسناٹی ٹینس میں بڑے برج الٹنے سے سناٹا چھاگیا، کوارٹر فائنل میں جان اسنر نے ٹاپ سیڈ نووک جوکووک کو حیران کردیا۔

سربیئن اسٹار کی تمام 9 ماسٹرز ٹائٹل جیتنے والے پہلے کھلاڑی بننے کی حسرتیں خواب میں مل گئیں، یو ایس اوپن کے دفاع سے قبل ہی اینڈی مرے کو ٹوماس بریڈچ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، سوئس اسٹار راجر فیڈرر بھی اپنے پرانے حریف رافیل نڈال کے ہاتھوں مات کھا گئے ، ویمنز میں وکٹوریہ آذرنیکا نے ڈنمارک کی کیرولین ووزینسکی کو پچھاڑ دیا، جلینا جینکووچ کے سامنے روبریٹا ونسی کے بھی ہوش اڑگئے، سرینا ولیمز نے آسانی سے سیمی فائنلز میں جگہ بنالی۔ تفصیلات کے مطابق سنسناٹی ماسٹرز کے کوارٹر میں فائنلز میں 2ٹاپ رینکڈ کھلاڑی نووک جوکووک اور اینڈی مرے حیران کن طور پر شکست سے دوچار ہوگئے، ورلڈ نمبر ون اور ایونٹ ٹاپ سیڈ نووک جوکووک کو ان سیڈڈ پلیئر جان اسنر کے ہاتھوں 7-6 (7/5)، 3-6 اور 7-5 سے مات ہوئی، اس طرح سرب اسٹار کی جانب سے ٹینس کے ایک اور ریکارڈ پر قبضے کا خواب ادھورا رہ گیا،اگر وہ امریکی حریف جان اسنر پر قابو پانے میں کامیاب ہوجاتے تو کیریئر کے دوران تمام 9 ماسٹرز ٹائٹل جیتنے والے دنیا کے پہلے پلیئر بن سکتے تھے۔

جان اسنر نے کہا کہ میں نے شروع سے ہی جارحانہ انداز میں کھیلنے کی کوشش کی اور اسی میں کامیابی حاصل ہوئی، میں جوکووک کو تھوڑا سا دبائو میں لانے میں کامیاب ہوگیا، میں ہمیشہ ہارڈ کورٹ پر کھیل کر لطف اندوز ہوتا ہوں، صرف اپنے ملک میں ہی نہیں بلکہ امریکا سے باہر بھی اس قسم کے کورٹس پر میرا ریکارڈ کافی بہتر ہے۔ اسنر نے گزشتہ برس انڈین ویلز ماسٹرز کے سیمی فائنل میں بھی جوکووک کو ٹھکانے لگایا تھا، اب ان کا مقابلہ سیمی فائنل میں جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو سے ہوگا۔ جس وقت لائنڈر فیملی ٹینس سینٹر میں جان اسنر نووک جوکووک کو گھیر رہے تھے وہیں قریبی گرینڈ اسٹینڈ کورٹ میں جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈچ یو ایس اوپن کے دفاعی چیمپئن برطانوی اسٹار اینڈی مرے کیلیے وبال جان بنے ہوئے تھے۔




رواں ماہ 26 اگست سے شروع ہونے والے یو ایس اوپن میں ٹائٹل کے دفاع سے قبل ہی انھیں بریڈچ سے 6-3 اور 6-4 کی شکست سے دوچار ہونا پڑگیا، ایونٹ میں سیکنڈ سیڈ قرار پانے والے مرے نے 6 سیڈ بریڈچ کے خلاف اپنے تمام چاروں بریک پوائنٹس ضائع کیے، یہ رواں سیزن میں اسکاٹش پلیئر کی چیک کھلاڑی کے ہاتھوں دوسری شکست ہے، اس سے قبل انھیں میڈرڈ کے کلے کورٹ پر بھی مات ہوئی تھی۔ اینڈی مرے نے کہا کہ کورٹ میں بائونس بہت زیادہ اورگیند کافی اچھل رہی تھی جسے کنٹرول کرنا آسان نہیں تھا، میں نے کئی غلطیاں کیں، ابتدائی2رائونڈز میں گیند کو فلیٹ ہٹ کرنے میں کامیاب رہا مگر بعد میں ایسا نہیں کرپایا، موسم بھی یہاں کا ایک جیسا نہیں تھا، ایک دن ہم نے65 فارن ہائٹ میں میچ کھیلا جبکہ اگلے روز یہ 80، 85 تھا، اب میری کوشش یہ ہوگی کہ یوایس اوپن میں زیادہ غلطیاں نہ کروں۔

ادھر جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے کوارٹر فائنل میں روسی کوالیفائر ڈیمرٹی ترسنوف کو 6-4، 3-6 اور 6-1 سے قابو کیا، ڈیل پوٹرو نے یہ کامیابی بائیں کلائی میں تکلیف کے باوجود حاصل کی ، وہ اسی انجری کے باعث 2010 کے زیادہ تر سیزن میں نہیں کھیل پائے تھے، انھوں نے کہا کہ مجھے اس تکلیف نے متاثر تو کیا مگر زیادہ فرق نہیں پڑا، میں نے مختلف قسم کے شاٹس کھیلے تاکہ یو ایس اوپن میں مزید اعتماد سے حصہ لے سکوں۔ چوتھے کوارٹر فائنل میں سوئس اسٹار راجر فیڈرر کو ایک بار پھر اسپینش اسٹار رافیل نڈال کے ہاتھوں شکست کا زخم برداشت کرنا پڑا، رافیل نے5-7، 6-4 اور 6-3 سے فتح حاصل کی، اس شکست سے عالمی رینکنگ میں فیڈرر کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ رافیل نڈال ٹائٹل جیت دوسری پوزیشن پر ترقی پاسکتے ہیں۔

ویمنز کوارٹر فائنلز میں سرینا ولیمز نے رومانیہ کی سمونا ہالیپ کو 6-0 اور 6-4 سے پچھاڑا، اب ان کا مقابلہ دفاعی چیمپئن چین کی لینا سے ہوگا جو اگنیسکا ریڈوانسکا کے دادا کے انتقال کے باعث دستبردار ہونے کی وجہ سے پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ سربیا کی سابق نمبر ون جلینا جینکووچ نے اٹلی کی روبریٹا وینسی کو 6-0 اور 6-4 سے مات دی، ان کا مقابلہ سیمی فائنل میں وکٹوریہ آذرنیکا سے ہوگا جنھوں نے سابق نمبر ون کیرولین ووزینسکی کے خلاف 6-3، 7-6 (7/5) سے فتح حاصل کی۔
Load Next Story