واٹر پمپ اور عائشہ منزل فلائی اوورز کو اس ماہ کھول دیا جائیگا

مون سون کی بارشوں کی وجہ سے ترقیاتی کام متاثر ہوا، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ

مون سون کی بارشوں کی وجہ سے ترقیاتی کام متاثر ہوا، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ثاقب سومرو نے کہا ہے کہ شاہراہ پاکستان پر زیر تعمیر واٹر پمپ فلائی اوور کی کارپیٹنگ کا کام شروع ہوگیا ہے جسے اگلے2 روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔

اس کے فوری بعد عائشہ منزل فلائی اوور کے ایک ٹریک کی کارپیٹنگ کا کام انجام دیا جائے گا جس کے بعد دونوں فلائی اوورز کے سہراب گوٹھ سے لیاقت آباد جانے والے ٹریک کو اس مہینے کے آخر تک ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، مون سون سیزن کی بارشوں کی وجہ سے ترقیاتی کام متاثر ہوا تاہم بقیہ دنوں میں کام میں تیزی لائی جائے اور فلائی اوورز کے نچلے حصہ کا کام بھی مکمل کیا جائے جبکہ شاہراہ پاکستان کے دیگر فلائی اوورز کی جلد تعمیر کیلیے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائی جائیں، وہ شاہراہ پاکستان کے 4 انٹرسیکشنز پر زیر تعمیر فلائی اوورز کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے.




اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز سومرو، پروجیکٹ ڈائریکٹر شبیہہ الحسن، متعلقہ انجینئرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی کو واٹر پمپ، عائشہ منزل، لیاقت آباد اور تین ہٹی فلائی اوورز کے کام پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا، انھوں نے افسران اور انجینئرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی اہمیت کے پیش نظر شاہراہ پاکستان کے چاروں فلائی اوورز پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ ان فلائی اوورزکی تکمیل میں تاخیر نہ ہو اور شہر کے ٹریفک کو جلد از جلد سگنل فری کوریڈور کی سہولت مہیا کی جاسکے۔
Load Next Story