واٹر بورڈ کی غفلت سے کورنگی میں پانی کا بدترین بحران

موجودہ انتظامیہ صرف ہائیڈرنٹس مافیا کو مستحکم بنانے پر تلی ہوئی ہے، علاقہ مکین

پانی کا بحران ختم کرنے کیلیے علاقے میں ایماندار آفیسر کو تعینات کیا جائے، مکین۔ فوٹو : فائل

کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کورنگی ڈویژن کے افسران کی غفلت اور بدعنوانیوں کے باعث کورنگی کے علاقے میں پانی کا بدترین بحران پیدا ہوگیا ہے اور علاقے کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں تاہم علاقے میں تعینات سپرنٹنڈنٹ انجینئر سعید شیخ بحران کو حل کرنے کے بجائے اپنی تمام تر توجہ غیرقانونی ہائیڈرنٹس کھولنے پر مرکوز کیے ہوئے ہیں، علاقے کے مکینوں نے استفسار کیا ہے کہ یہ کیسا پانی کا بحران ہے جس سے کسی بھی ہائیڈرنٹس کا پانی بند نہیں ہورہا مگر علاقہ کربلا بنا ہوا ہے۔


علاقے کے مکینوں نے بتایا کہ واٹربورڈ کی موجودہ انتظامیہ پورے کراچی کو پانی کے بدترین بحران میں مبتلا کرکے صرف ہائیڈرنٹس مافیا کو مستحکم بنانے پر تلی ہوئی ہے جس کی ایک مثال کورنگی ٹاؤن ہے صرف کورنگی ٹاؤن میں پانچ ہائیڈرنٹس کام کررہے ہیں جس میں حال ہی میں قائم کیے جانے والے دو غیرقانونی ہائیڈرنٹس بھی ہیں جو کہ کورنگی نمبر ساڑھے پانچ پر قائم کیے گئے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ ان ہائیڈرنٹس خاص طور پر دو نئے ہائیڈڑنٹس کے بعد کورنگی میں پانی کا بدترین بحران پیدا ہوگیا ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ کورنگی کے علاقے میں ایک بہت بڑا صنعتی علاقہ بھی ہے جبکہ لاکھوں شہری اس علاقے میں رہتے ہیں ،واٹربورڈ کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر سعید شیخ جو کہ کئی سال سے اس علاقے میں تعینات ہیں ان کی تمام تر توجہ ہائیڈرنٹس کھولنے اور ان ہائیڈرنٹس میں پانی کی فراہمی 24 گھنٹے یقینی بنانے پر ہے۔
Load Next Story