انیل کپورشبانہ اعظمی ٹی وی پرایک ساتھ

ایکشن ڈرامے’’چوبیس‘‘ کی کاسٹ میں کئی بولی ووڈ اداکارشامل

ایکشن ڈرامے’’چوبیس‘‘ کی کاسٹ میں کئی بولی وڈ اداکارشامل۔ فوٹو : فائل

بھارتی ٹیلی ویژن کے ڈرامے جن کی کہانی اب تک ساس بہو کے روایتی کرداروں کے گرد گھوم رہی تھی لیکن اب جلد ہی ناظرین اپنے پسندیدہ فلمی اداکاروں کو ایکشن سیریز ''چوبیس'' میں دیکھیں گے۔

دہشت گردی کے موضوع پر بننے والی ایکشن اور سسپنس سے بھرپوراس سیریز میں مرکزی کردار انیل کپور اور شبانہ اعظمی ادا کر رہے ہیں۔ جب کہ بولی وڈ کے دیگر اداکار بھی اس ڈرامے کی کاسٹ میں شامل ہیں۔ اس ڈرامے کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ 53سالہ انیل کپور نے زیادہ تر اسٹنٹ خود کیے ہیں۔ شو کی لانچنگ تقریب کے موقع پر''چوبیس'' کے پروڈیوسرانیل کپور نے میڈیا کو بتایا کہ ماضی کی سپر اسٹار شبانہ اعظمی اس سیریل کے ذریعے چھوٹی اسکرین پر تقریباً ایک دہائی بعد دکھائی دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈرامے میں میرا کردارانسداد دہشت گردی یونٹ کے سربراہ ''جے سنگھ راٹھور'' کا ہے۔




اور شبانہ اعظمی میری نائب کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ جب کہ بولی وڈ کے دیگر اداکار بھی اس سیریل کا حصہ ہیں۔ اداکارہ مندرا بیدی''نیکیتا رائے''اور''تسکا چوپڑہ''جے سنگھ یعنی میری بیوی کا کردار ادا کریں گی۔ جب کہ اداکار راہول کھنہ اور انوپم کھیر اس سیریل میں را آفیسر کے طور پر دکھائی دیں گے۔

انیل کپور نے کہا کہ ڈرامے میں زیادہ تر اسٹنٹ میں نے خود کیے ہیں اور رواں سال اکتوبر میں یہ سیریز آ ن ائیر کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رینسل ڈی سلوا کی تحریر،ابھے نائے دیو کی ہدایت کاری اور ایک مشہور کار ساز ادارے کے اشتراک نے ''چوبیس'' کو اینڈوینچر سے بھرپور ڈرامہ بنا دیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ چھوٹی اسکرین کے ناظرین میں یہ سیریز بہت مقبول ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی مزاج کے مطابق بنائے گئے اس شو کی زیادہ تر عکس بندی ممبئی کی اصلی لوکیشنز پر کی جائے گی۔
Load Next Story