کراچی فائرنگ تشدد اور لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری12افراد ہلاک

رنچھوڑ لائن، رامسوامی، عثمان آباد اورمتصل علاقوںمیں اندھادھندفائرنگ، دکانیں بند، مکین محصور، پولیس اور رینجرز غائب

کلاکوٹ، بفرزون، لی مارکیٹ، ماڈل کالونی، سریا گلی، حسن لشکری روڈ، میراں ناکہ پل، ایوب گوٹھ، سعید آباد، الآصف اسکوائر پرفائرنگ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میںسیاسی کارکنوں سمیت12 افراد ہلاک اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔

ہلاک ہونے والوں میں متحدہ قومی موومنٹ اور سنی تحریک کے کارکن بھی شامل ہیں۔ گارڈن عثمان آباد کا علاقہ 2 گروپوں کے مابین مسلح تصادم کے باعث فائرنگ کی آوازوں سے گونج اٹھا، حسب روایت پولیس و رینجرزغائب رہی اورعلاقہ مکین دہشت گردوں کے رحم و کرم پر رہے۔ گارڈن، رنچھوڑ لائن، رامسوامی، عثمان آباد اور متصل دیگر علاقے اتوار کی شب سے ہی فائرنگ سے گونج اٹھے تھے، 2 گروپوں کے درمیان مسلح تصادم پیر کو بھی جاری رہا، لوگ مررہے تھے اور پولیس کو جائے وقوعہ تک نہیں مل رہا تھا۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے گارڈن میں کشتی مسجد کے قریب 25 سالہ فیصل قریشی کمر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جو سول اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا، مقتول سنی تحریک کا کارکن تھا۔

گارڈن کے علاقے عثمان آباد میں فائرنگ سے 25 سالہ رضوان ہلاک ہوگیا، اے ایس پی غلام مرتضیٰ کے مطابق مقتول متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن تھا، واقعے میں 2 افراد 25 سالہ حکیم اور 14 سالہ نواب زخمی ہوگئے۔ تیموریہ کے علاقے بفرزون سیکٹر 15-A/4 میںجامع مسجد الہدیٰ سے نماز فجر پڑھ کر نکلنے والے افراد پر نامعلوم افراد نے گولیاں برسادیں جس سے 45 سالہ نسیم عارف صدیقی اور 50 سالہ پرویز علوی ہلاک ہوگئے، ایس ایچ او تیموریہ اعجاز لودھی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتولین کا تعلق تبلیغی جماعت سے تھا، ہلاک ہونے والے نسیم عارف انگلینڈ سے آئے تھے اور انھیں آج (منگل کو) واپس جانا تھا جبکہ پرویز علوی ریٹائرڈ بینک افسر تھے، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ نیپئر کے علاقے لی مارکیٹ میں فائرنگ سے 40 سالہ وکٹر ولیم ہلاک ہوگیا۔ ملیر کے علاقے ماڈل کالونی میںعباسی مارکیٹ کے قریب ہوٹل ملازمین کے درمیان جھگڑا ہوگیا جس پر ملزم ستار نے 27 سالہ ولی محمد کو سر پر گولی مار دی وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ ملزم فرار ہوگیا۔




لیاری میںکلاکوٹ کے علاقے فقیر محمد درا خان روڈ گلی نمبر4 سے 27 سالہ نامعلوم شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش ملی ہے، مقتول کو لیاری گینگ وار کے ملزمان نے اغوا کے بعد ہلاک کیا ہے۔ پیرآباد کے علاقے بنارس پل کے قریب واقع شاہین ہوٹل کے ڈیرے سے 50 سالہ اول شاہ کی تشدد زدہ لاش ملی۔ میمن گوٹھ کے علاقے ملیر آریانہ سٹی کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ، پولیس کا کہنا ہے کہ کار سوار ملزمان ایک مغوی شخص کو اپنے ہمراہ لائے تھے جسے وہیں پر کھڑا کر کے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ سے ہوئی جس پر اس کا نام 30 سالہ حسین ولد حسن درج ہے جبکہ وہ اسٹیل ٹاؤن کا رہائشی تھا ، پولیس کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا جس کار میں مغوی نوجوان کو لا کر ہلاک کیا گیا وہ اس کار میں سوار ملزمان کچھ فاصلے پر شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود ملیر ندی کے قریب گئے تھے جہاں انھوں نے 2 نامعلوم افراد کی بوری بند لاشیں پھینکیں اور موقع سے فرار ہوگئے جنھیں فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ۔

تاہم دونوں مقتولین کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ، ، پاکستان بازار تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن اسلام چوک شاہین اسکول کے قریب موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے چنگی رکشا رکھوا کر اس میں سوار 28 سالہ شخص کو اتار کر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اقتول کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ، سائٹ بی تھانے کے علاقے پٹھان کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ جمشید کوارٹرز کے علاقے مارٹن کوارٹرز میں گھر کے باہر بیٹھے ہوئے 26 سالہ فیصل کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں نجی اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔

Recommended Stories

Load Next Story