کراچی کیلیے گرین لائن منصوبہ جلد مکمل کیا جائے صدر عارف علوی

منگھو پیر روڈ، نشتر روڈ اور شیر شاہ سوری روڈ پر فلائی اوورز کو ستمبر تک مکمل کیا جائے، ڈاکٹر علوی

کراچی پاکستانی معیشت کی شہ رگ ہے، وزیر اعظم کے اعلان کردہ نئے منصوبوں پر کام تیز کیا جائے، کراچی میں اجلاس سے خطاب۔ فوٹو: فائل

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گرین لائن بس پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ کراچی پیکیج کے تحت منگھو پیر روڈ، نشتر روڈ اور شیر شاہ سوری روڈ پر فلائی اوورز کو ستمبر تک مکمل کیا جائے۔

کراچی میں اعلی سطح اجلاس میں صدرمملکت کو کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور وفاقی حکومت کے سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

صدر نے کہا کہ گرین لائن شہریوں کو سفری سہولتوں کی فراہمی کا ایک اہم منصوبہ ہے اس لیے اسے جلد از جلد فعال کرنا ضروری ہے تاکہ عوام اس سے استفادہ کرسکیں۔ صدر مملکت نے کہاکہ وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ نئے منصوبوں پر کام میں تیزی لائی جائے۔


کے آئی ڈی سی ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے صدر مملکت اور گورنر سندھ کو گرین لائن سمیت دیگر منصوبوں پر کام کی پیش رفت سے آگاہ کیا اور وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بتایا۔

اجلاس میں سرجانی سے گرومندر تک گرین لائن کے مکمل ہونے والے ٹریک کو آپریشنل کرنے کے لیے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ منصوبوں کی موثر نگرانی اور معیاری تکمیل کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی پاکستانی معیشت کی شہ رگ ہے،کراچی کے لوگوں کیلیے سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرین لائن پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، یہ منصوبہ کراچی میں روزانہ سفر کرنے والوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ فائر فائٹنگ کے نئے سامان کو کے ایم سی اور سائٹ ایسوسی ایشنز کے تعاون سے سائٹ پر پہنچایا جائے تا کہ کسی بھی حادثے کی صورت میں انہیں موثر طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ ، فراہمی و نکاسی آب، ریلویز، ناردرن بائی پاس، ڈی سیلی نیشن اور ٹریٹمنٹ پلانٹس کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
Load Next Story