پیرول پر رہائی کا اختیار سیکریٹری داخلہ کو مل گیا وزیر اعلیٰ مشیر خود مقرر کر سکیں گے

ایمرجنسی کی صورت میں قیدی کو بروقت پیرول پر رہائی مل سکے گی، تھرکول کی بجلی 4جون کو نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائے گی

مفتی تقی عثمانی پر حملے میں شہید اہلکارکے لواحقین کو2کروڑ روپے، ایک سرکاری نوکری اورایک پلاٹ دینے کی بھی منظوری۔ فوٹو : فائل

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاہے کہ پیرول پر رہائی کا اختیارسیکریٹری داخلہ کومل گیا جب کہ وزیراعلیٰ خود مشیر مقرر کرسکیں گے۔

سندھ کابینہ کے فیصلوں کے بارے میں آگاہی دیتے ہوئے مشیر اطلاعات نے بتایاکہ یہ بے نظیربھٹو کا وژن ہی تھاکہ آج تھر کول پاور پروجیکٹ فعال ہوچکا ہے۔ انشا اللہ4جون کو یہ تمام بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائے گی۔ اسلام کوٹ تحصیل میں تھرکے کوئلے سے آپریٹ ہونے والے مزید 5 پاور پلانٹ قائم کیے جائیں گے۔ تھر میں گورانو ڈیم کی تعمیر کے سلسلے میں متاثرہ خاندانوں کو کفالت کیلیے فی خاندان ایک لاکھ روپے سالانہ معاوضہ دیا جائے گا جو757 خاندانوں میں مساوی طور پر فی خاندان تقسیم کیا جائے گا۔

اجلاس میں سندھ کے مالی امور سے متعلق سیر حاصل بحث کی گئی جس میں بتایا گیاکہ مالی سال 2018 اور 2019 میں سندھ حکومت کو این ایف سی اور او زیڈ ٹی کی مد میں 665 ارب روپے منتقل ہونے تھے مگر اب تک 406 ارب روپے ملے ہیں اور اگلے ڈھائی ماہ میں 269 ارب روپے منتقل کرنے ہیں اب تک سندھ حکومت کے مالی اخراجات میں119 ارب روپے کا شارٹ فال ہے جس کی وجہ سے سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی ہورہی ہیں۔

مشیر اطلاعات نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی نااہل حکومت نے عوام پر غربت ، بھوک اور افلاس مسلط کردیا ہے اس وقت پاکستان 16 کھرب روپے کے قرضوں میں جکڑا ہوا ہے مگر وزیراعظم عوام سے ووٹ کے مینڈیٹ کے بجائے طعنہ زنی سے بات کرتے ہیں اور اپنی تقریروں میں غیراخلاقی، غیرجمہوری اور غیرآئینی بات کرتے ہیں۔


سندھ کابینہ نے لاڑکانہ میں ہونے والے افسوسناک واقعے میں باجوڑکے شہید ہونیوالے باشندوں کیلیے فی خاندان10لاکھ روپے کی منظوری دی ہے جو ان کے خاندان کی کفالت کیلیے ہوںگے۔

مزید برآں مفتی تقی عثمانی صاحب پر حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کیلیے2کروڑ روپے مالی معاونت کے ساتھ ایک سرکاری نوکری اور ایک پلاٹ دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ سندھ حکومت نے گنے کا نرخ 182 روپے من طے کیا ہے ، سندھ ایکسپلوسیو ایکٹ 2019 بہت جلد اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

سندھ انشورنس کمپنی کے تحت سندھ کی حدود میں کسی بھی حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کو معاوضے کی صورت میں ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ آرٹیکل130کی رو سے وزیراعلیٰ سندھ اب اپنے مشیران کا تقرر خودکرسکیں گے۔

اس کے علاوہ جیل میں قید افراد کو کسی ایمرجنسی کی صورت میں پیرول پر رہائی کا اختیار سیکریٹری داخلہ کو دیا گیا ہے جس سے قیدی کو بروقت علاج یا قریبی عزیزکی تدفین کے وقت پیرول پر رہائی مل سکے گی۔ مشیراطلاعات نے کہاکہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں سری لنکا میں ہونے والے اندوہناک واقعے کی مذمت کی گئی۔
Load Next Story