ملیرجیل میں منشیات فروخت کرنے کی تحقیقات کا حکم

مشیرجیل خانہ جات اعجازحسین جاکھرانی نے ایکسپریس میں شائع خبرکا نوٹس لے لیا

جیل میں غیرقانونی کام ہونے کی اطلاعات ملی تھیں، رپورٹ کے بعدایکشن لوں گا،گفتگو فوٹو : فائل

مشیر جیل خانہ جات اوربین الصوبائی رابطہ اعجاز حسین جاکھرانی نے روزنامہ ایکسپریس میں شائع خبرکا نوٹس لیتے ہوئے ملیرجیل میں منشیات فروخت کرنے سے متعلق تحقیقات کا حکم دے دیا۔


روزنامہ ایکسپریس نے جمعرات 25 اپریل کوخبر شائع کی تھی کہ ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں جیلر نبی داد زرداری اپنے کارندے داؤد پٹھان نامی قیدی کے ساتھ مل کر منشیات فروخت کرتا ہے ،خبر شائع ہونے کے اگلے روز داؤد پٹھان نامی قیدی کودیگرکئی قیدیوں کے ساتھ ملیر جیل سے سینٹرل جیل منتقل کردیاگیاتھا ، مشیر جیل خانہ جات اعجاز حسین جاکھرانی نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ ملیر جیل میں اس قسم کے غیر قانونی کام ہورہے ہیں۔

ایکسپریس میں خبر شائع ہونے کے بعد انھوں نے اس صورتحال کے حوالے سے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ، اس ضمن میں آئی جی جیل خانہ جات مظفر عالم صدیقی کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں منشیات فروشی کے حوالے سے تحقیقات کریں اس حوالے سے ایک دو روز میں رپورٹ پیش کردی جائے گی جس کے بعد وہ اس پر مزید ایکشن لیں گے۔
Load Next Story