حصص مارکیٹ میں مندی کی بڑی لہر ایک کھرب روپے کا نقصان

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان بدھ کو مزید شدت اختیار کرگیا۔

سرمایہ کاروں کا محتاط طرز عمل اور منافع کے حصول کے لیے فروخت کے دبائو نے مارکیٹ کو ایک بڑی مندی سے دوچار کردیا۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان بدھ کو مزید شدت اختیار کرگیا، سرمایہ کاروں کا محتاط طرز عمل اور منافع کے حصول کے لیے فروخت کے دبائو نے مارکیٹ کو ایک بڑی مندی سے دوچار کردیا، بدھ کے روز کراچی اسٹاک ایکس چینج 100انڈیکس کی4نفسیاتی حدیں گرگئیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مندی کی اس ریلی میں آئل سیکٹر کے حصص نے مرکزی کردار ادا کیا، سرمایہ کاروں میں ایشیائی مارکیٹس میں جاری مندی کے رجحان کو لے کر خدشات بڑھ رہے ہیں، سرمایہ کاروں کا خدشہ ہے کہ ایشیائی منڈیوں میں مندی کی لہر کراچی اسٹاک مارکیٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے اور تشویش کا شکار سرمایہ کار مارکیٹ میں نئی پوزیشن لینے کے بجائے پرافٹ ٹیکنگ کو ترجیح دے رہے ہیں، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ اور فوجی سیمنٹ کے مایوس کن مالیاتی نتائج بھی مندی کے فیکٹرز قرار دیے جارہے ہیں۔ بدھ کو کاروبار کا آغاز سے ہی مندی کا رجحان رہا، ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 22978پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 471.96پوائنٹس کمی سے 23015.27 پوائنٹس پر بند ہوا، شدید مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے 1 کھرب 1ارب 16کروڑ 56لاکھ روپے ڈوب گئے، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت38.01فیصد زائد جبکہ 69.77 فیصدحصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔




مجموعی طور پر 354 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 86کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 247 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی جبکہ21کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں استحکام رہا، مارکیٹ کیپٹلائزیشن کی مجموعی مالیت گھٹ کر 56 کھرب 84 ارب 86 کروڑ 45 لاکھ 93ہزار770روپے ہوگئی، بدھ کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں 25 کروڑ 21 لاکھ 24ہزار290شیئرز رہیں جومنگل کے مقابلے میں 6 کروڑ 94لاکھ 49 ہزار 140 شیئرز زیادہ ہیں، حصص کے سودوں کے لحاظ سے سرفہرست کمپنیوں میں فوجی سیمنٹ، بینک آف پنجاب، لارفیج پاک، نیشنل بینک، این آئی بی بینک لمیٹڈ، میپل لیف سیمنٹ، جہانگیر صدیقی کمپنی، لال پیر پاور لمیٹڈ، سوئی سدرن گیس اور حب پاور کمپنی شامل رہے، قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص سرفہرست رہے۔

جس کے حصص کی قیمت31.40روپے اضافے سے2431روپے ،انڈس ڈائنگ کے حصص کی قیمت 17.00روپے اضافے سے 797.00روپے ہوگئی، نمایاں کمی سیمنس پاکستان کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت54.73روپے کمی سے 1047.00روپے جبکہ کلیئرنٹ پاک کے حصص کی قیمت 15.61روپے کمی سے296.76روپے ہوگئی ۔بدھ کو کے ایس ای 30انڈیکس420.32پوائنٹس کمی سے 17874.88پوائنٹس،کے ایم آئی 30انڈیکس 924.88پوائنٹس کمی سے 39626.00پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 293.83پوائنٹس کمی سے 16511.12پوائنٹس پر بند ہوا۔ ماہرین کے مطابق امن و امان کی ناگفتہ بہ صورتحال کے باعث رواں ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان برقرار رہنے کا امکان ہے۔
Load Next Story