کراچی میں آج اور کل شدید گرمی کی پیش گوئی

آج درجہ حرارت 40 جبکہ کل 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے

مئی اور جون کے مہینوں میں ہیٹ ویو کے امکانات کو قطعی طور پر نظرانداز نہیں کیا جاسکتا (فوٹو : فائل)

محکمہ موسمیات نے آج اور کل کے لیے کراچی میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے جس کے مطابق آج درجہ حرارت 40 جبکہ کل 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق شہر میں یکم مئی سے تین مئی کے دوران درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری کے درمیان بڑھ سکتا ہے جبکہ اس ہیٹ ویو کے دوران سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں بھی معطل رہیں گی جبکہ اس کی جگہ بلوچستان اور سندھ کے گرم و مرطوب علاقوں کی ہوائیں شہر کا رخ کریں گے۔

سردارسرفراز کا کہنا تھا کہ سن 2015ء اور حالیہ آنے والے ہیٹ ویو میں ایک نمایاں فرق یہ ہے کہ یکم مئی کے ہیٹ ویو کے دوران ہواؤں میں نمی کا تناسب کچھ حد تک معتدل رہے گا، اسی بنا پر اسے 4 سال قبل والی ہیٹ ویو کی شدت سے تو نہیں جوڑا جاسکتا تاہم غیر معمولی گرمی کی وجہ سے شہریوں کو احتیاط کرنے کی اشد ضرورت ہے۔


ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مئی اور جون میں بحیرہ عرب (عربین سی) میں ہوا کا کم دباؤ اور اس کے نتیجے میں کسی غیرمعمولی صورتحال کے بارے میں تو قبل از وقت کچھ کہنا ممکن نہیں ہوگا تاہم مئی اور جون کے مہینوں میں ہیٹ ویو کے امکانات کو قطعی طور پر نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

سردار سرفراز کے مطابق اگر اس قسم کی کوئی صورتحال سمندروں میں رونما ہوئی تو اس کے حوالے سے 3 دن قبل ہیٹ ویو سینٹر کے ذریعے شہریوں اورمتعلقہ اداروں کو آگاہی دے دی جائیگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 25.5 جبکہ زیادہ سے زیادہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 64 فیصد جبکہ شام کے وقت 41 فیصد ریکارڈ ہوا۔ اب آج منگل کو شہر کا پارہ 38 سے 40 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
Load Next Story