پاکستان نے آئی ایم ایف کو نئے قرض کیلیے باقاعدہ درخواست دیدی

6ارب60 کروڑڈالر کے نئے قرضے کیلیے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور گورنر اسٹیٹ بینک نے بین الاقوامی...

عالمی ادارہ کوٹے سے زائد415فیصدقرض دینے پرآمادہ ہوگیا،ذرائع،4 ستمبرکوبورڈ آف ڈائریکٹرزاجلاس میں درخواست پرغورہوگا،مشیرآئی ایم ایف فوٹو: فائل

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 6 ارب 60 کروڑ ڈالر کے نئے قرضے کے حصول کے لیے پاکستان نے لیٹر آف انٹینٹ جمع کرا دیا۔

لیٹر آف انٹینٹ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور گورنر اسٹیٹ بینک نے جمع کرایا۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف حکام پاکستان کو 348فیصد کوٹے سے زائد 415 فیصد قرضہ دینے پر رضامند ہوگئے ہیں۔آئی ایم ایف کے مشیر کے مطابق 4 ستمبر کو ہونے والے آئی ایم ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں پاکستان کی جانب سے دیا گیا لیٹر آف انٹینٹ غور کے لیے پیش کیا جائے گا، جس میں پاکستان کی جانب سے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی کے تحت 6 ارب 60 کروڑ ڈالر قرضے کی درخواست کی گئی ہے۔




واضح رہے کہ پاکستان کو گرتے ہوئے زرمبادلہ ذخائر کے باعث بیلنس آف پیمنٹ کرائسز کا خدشہ ہے، زرمبادلہ ذخائر پر دبائو کی وجہ سے پاکستانی روپے کی قدر میں بھی کمی آ رہی ہے، بحران سے بچنے کیلیے وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف سے نئے قرضے کے حصول کا امکان ظاہر کیا تھا، قبل ازیں 2008 میں اس وقت کی حکومت نے گرتے زرمبادلہ ذخائر کو سنبھالا دینے کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کیا تھا تاہم یہ پروگرام شرائط پوری نہ کرنے کے باعث قبل ازوقت ختم کردیا گیا اور پاکستان منظورہ شدہ پورا قرضہ حاصل نہ کر سکا، فی الوقت پاکستان نے آئی ایم ایف کو اس قرضے کی ایک درجن سے زائد شیڈول کے مطابق جمع کرادی ہیں تاہم ان ادائیگیوں اور درآمدی بل دینے کی وجہ سے زرمبادلہ ذخائر پر ایک بار پھر دبائو ہے جو روپے کی قدر میں کمی اور اس کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی کا باعث بن رہا ہے۔
Load Next Story