ایمر جنگ کپ افغانستان نے بھارت کو خاک چٹا کرتاریخ رقم کردی

ایمرجنگ ٹیمز کپ میں افغانستان نے بھارت کو 28 رنز سے خاک چٹاکر تاریخ رقم کردی۔

افغانستاننے پہلی بار کسی ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کو زیر کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ فوٹو: فائل

ایمرجنگ ٹیمز کپ میں افغانستان نے بھارت کو 28 رنز سے خاک چٹاکر تاریخ رقم کردی، ٹیم نے پہلی بار کسی ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کو زیر کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔

مستقبل کے بھارتی اسٹارز 184 رنز کے آسان ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 9 وکٹ پر 156 تک محدود رہے، ناکامی کے باوجود بلو شرٹس نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، پاکستان بھی فائنل فور میں پہنچ گیا، جمعے کو سری لنکا سے مقابلہ ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان نے بالآخر کسی ٹیسٹ پلیئنگ ٹیم کیخلاف پہلی فتح کا مزا چکھ لیا، بھارتی سائیڈ حریف کو 7 وکٹ پر 184 رنز تک محدود کرنے کے بعد آسان ہدف کے تعاقب میں بھی بُری طرح ناکام ہوگئی، اوپنر لوکیش راہول کی 51 رنز کی اننگز کے باوجود دیگر وکٹیں پتوں کی طرح جھڑتی رہیں، انکت باونے (39)کے سوا کوئی مزاحمت نہ کرسکا۔




افغانستان کی نپی تلی بولنگ کے سامنے انکمت چاند 10، اشوک میناریا 5 اور بابا اپارا جیتھ 2 رنز بنا کر ٹیم کی کشتی منجدھار میں چھوڑ گئے، بعدازاں لوور آرڈر بھی خاص مزاحمت کا مظاہرہ نہ کرسکی، محمد نبی نے 32 رنز کے بدلے3 وکٹوں کے ساتھ بھارتی مہم کمزور بنائی۔ اس سے قبل افغانستان کیلیے اوپنر محمد شہزاد نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے 87 گیندوں پر 38 رنز اسکور کیے، بعد ازاں سمیع اللہ شنواری نے 44 گیندوں پر ناقابل شکست 43 رنز کی اننگز کھیل کر بہتر مجموعہ تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا، بابا اپارا جیتھ اور اکشر پٹیل نے 2،2 سندیپ شرما اور اشوک میناریا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

تاریخی فتح بھی افغانستان کے کسی کام نہ آئی اور اس کا ایونٹ میں سفر تمام ہوا، دوسری طرف ابتدائی 2 میچز میں کامیابی کی بدولت بھارتی ٹیم نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی جہاں اس کا جمعے کو یو اے ای سے سامنا ہوگا،اماراتی ٹیم نے جمعرات کو بنگلہ دیش کو اپ سیٹ شکست دی تھی، دوسری طرف بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر پاکستان کی پیش قدمی بھی جاری رہی، گرین شرٹس کو سیمی فائنل میں سری لنکن دیوار گرانا ہوگی۔
Load Next Story