نواز شریف 7 مئی کو خود جیل جائیں گے ن لیگ

مریم نواز کے آنے سے پارٹی کو تقویت ملے گی، رہنما

بلدیاتی اداروں کو ختم کرنا غیر آئینی اور غیرقانونی ہے، شاہد خاقان۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ نواز شریف 7 مئی کی شام کو خود کوٹ لکھپت جیل واپس جائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب عہدیداروں کی زیر صدارت مرکزی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ ، مرکزی سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی ، سیکریٹری جنرل احسن اقبال و دیگر شریک ہوئے ۔ اجلاس میں پارٹی کو ہر سطح پر فعال اور متحرک کرنے ، نواز شریف کی 7 مئی کو کوٹ لکھپت جیل واپسی کی حکمت عملی سمیت مجموعی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارٹی کو فعال اور متحرک کرنے کیلیے میدان میں نکلے ہیں اور لاہور تنظیم کے امور زیر غور آئے ، پارٹی کو ڈویژنل اور ضلع کی سطح پر فعال کرنے کیلیے ری آرگنائز کیاجائے گا ، موجودہ حکومت نے عام آدمی کیلیے دو وقت کا حصول مشکل بنا دیا ہے ، آئی ایم ایف کی ٹیم کو کابینہ میں شامل کیاجارہاہے ، نوازشریف کو مستقل ضمانت نہیں دی گئی ، ان کا بنیادی حق تھا کہ انھیں میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت دی جاتی اور ایسی بے شمار مثالیں موجود ہیں ، چوہدری نثار کے معاملے میں بات ہو سکتی ہے ۔

خاقان عباسی نے کہا کہ (ن) لیگ کا وہی بیانیہ ہے جو نواز ، شہباز اور کارکنوں کا ہے ، کیا ووٹ کو عزت نہیں ملنی چاہیے کوئی پاکستانی نہیں کہتا کہ ووٹ کو عزت نہ دو ، چوہدری نثار سے (ن) لیگ نے کوئی رابطہ نہیں کیا ، دل میں اور پارٹی میں نثار کیلیے جگہ موجودہے ۔


احسن اقبال نے کہا کہ مریم نواز نے (ن) لیگ میں متحرک کردار ادا کیا ہے اور پارٹی کی تنظیم سازی میں انھیں نائب صدر کا عہدہ دیا گیا ، ان کی شخصیت پارٹی کیلیے سرمایہ ہے اور ان کے سر گرم ہونے سے پارٹی کو تقویت ملے گی ، پارٹی کی تنظیم نو میں تھوڑی تاخیر ہوئی ہے لیکن اب 24گھنٹے کام کریں گے ، آج کوئی بھی شعبہ آگے نہیں بڑھ رہا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو ختم کرنا غیر آئینی اور غیرقانونی ہے حکومت کے اس اقدام کو چیلنج کر دیا گیا ہے ، شہبازشریف نوازشریف ٹیم کی اوپننگ بیٹسمین ہیں ، یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ آئی ایم ایف کے پیکج کیساتھ وزیر خزانہ ، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر کو بھی تبدیل کر دیا گیا ، ہم یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ ملک کو آئی ایم ایف کی کالونی بنا دیا گیا ہے ، ہم قومی خود مختاری کا سودا نہیں کرنے دیں گے اور اس اقدام کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا ۔

خبر ایجنسی کے مطابق خاقان عباسی نے پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اسلام محبت اور امن کا پیغام ہے ، ہمیں انتہا پسندی کے خلاف جہاد کرنا ہے اور سب نے مل کر اسے شکست دینی ہے۔

احسن اقبال نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ دہشتگردی ہمارا مشترکہ مسئلہ ہے ، پاکستان کو آگے لیکر جانا ہے تو دہشت گردی کا قلع قمع کرنا ہو گا ۔
Load Next Story