ایک اور باغی رکن نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا

شاہ دوست کی رکنیت ختم کرنے کیخلاف درخواست پرحکم امتناع جاری

ممبرگورننگ بورڈ کے معاملے پر24مئی کو پی سی بی حکام سے جواب طلب۔ فوٹو: فائل

پی سی بی گورننگ بورڈ کے ایک اور باغی رکن شاہ دوست نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔

پی سی بی گورننگ بورڈ کے کوئٹہ میں ہونے والے اجلاس میں5ارکان نے اعلان بغاوت کرتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلیوں اور ایم ڈی وسیم خان کی تقرری کیخلاف قرار داد پیش کرنا چاہی تھی، باغی ارکان کی قیادت کرنے والے سیالکوٹ ریجن کے صدر نعمان بٹ نے معطل کیے جانے پر عدالت سے رجوع کیا۔


بعد ازاں پی سی بی نے ایک اور باغی رکن کوئٹہ ریجن کے صدر شاہ دوست کی رکنیت ختم کرتے ہوئے الیکشن شیڈول جاری کردی، سرکاری ملازم ہونے کے باوجود الیکشن لڑنے پر عذرداری کے پرانے کیس کی بنیاد پر الیکشن کمشنر کی جانب فارغ کیے جانے کا فیصلہ شاہ دوست نے ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

گزشتہ روز فاضل ججج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کوئٹہ ریجن کے الیکشن پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے 24مئی کو پی سی بی حکام سے جواب طلب کر لیا، پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیاکہ شاہ دوست نے ڈی سی اے تربت کا الیکشن لڑنے سے پہلے سرکاری ملازمت سے استعفٰی دے دیا تھا، گورننگ بورڈ اجلاس میں چیئرمین احسان مانی کا حکم نہ ماننے کی وجہ سے انھیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا،ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کا الیکشن لڑنے کیلیے ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کا عہدیدار ہونا ضروری نہیں ہے۔

شاہ دوست کے وکیل شیگان اعجاز نے کہاکہ رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ آئین کی خلاف ورزی ہے، جب ریجنل ایسوسی ایشن کے انتخابات ہوئے تب شاہ دوست پی سی بی آئین کے مطابق اس میں حصہ لے سکتے تھے، بورڈی نے ہی ان کے کاغذات نامزدگی منظور کیے، الیکشن کے بعد ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔
Load Next Story