ایشین یوتھ گیمز شاندار تقریب کے ساتھ اختتام پذیر

ایسین یوتھ گیمز میں چین 93 میڈلز کے ساتھ سر فہرست۔

سری لنکا نے6 میڈلزجیت کر حیران کردیا، پاکستانی کھلاڑی خالی ہاتھ لوٹیں گے۔ فوٹو: فائل

دوسرے ایشین یوتھ گیمز کا شاندار تقریب کے ساتھ اختتام ہو گیا، میزبان چینی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 93 میڈلز اپنے نام کیے۔

اختتامی تقریب میں فنکاروں نے روایتی ڈانس پیش کرتے ہوئے ملکی کلچر اور ثقافت کو اُجاگر کیا، تمام ممالک کے کھلاڑیوں کا فلیگ مارچ بھی ہوا، اس موقع پر گیمز کا جھنڈا آئندہ مقابلوں کے میزبان سری لنکا کے سپرد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چین کے شہر ننجگ میں16 ستمبر سے شروع ہونے والے ایشین یوتھ گیمز کا ہفتے کو شاندار تقریب کے ساتھ اختتام ہو گیا،ایونٹ کے دوران 9 وینیوز پر19 کھیلوں کے مقابلے ہوئے، میزبان کھلاڑیوں نے برتری برقرار رکھتے ہوئے93 تمغے سینے پر سجائے، ان میں46 گولڈ،23سلور اور24 برانز میڈلز شامل تھے، جنوبی کوریا نے25 سونے،13 چاندی اور14 کانسی کے تمغے جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔




جاپان 7 گولڈز کے ساتھ تیسرے، تھائی لینڈ 6 چوتھے اورچائنیز تائپے اتنے ہی تمغے جیت کر پانچویں نمبر پر رہا۔ ٹورنامنٹ میں یوتھ گیمز کی میزبانی کے حقدار ٹھہرائے جانے والے سری لنکا کے کھلاڑیوں نے ایک چاندی اور5 کانسی کے تمغے جیت کر سب کو حیران کردیا۔ دوسری طرف بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن پر عالمی باڈی کی جانب سے عائد پابندی کے باعث کھلاڑیوں نے اولمپک جھنڈے تلے شرکت کی اور14 تمغے جیتے۔ پاکستان کے بھاری بھر کم دستے نے بھی ایونٹ میں حصہ لیا مگر میڈل جیتنا تو درکنارکوئی کھلاڑی دوسرے مرحلے تک بھی نہ پہنچ پایا۔ قوم کو فٹبال ٹیم اور اسکواش کھلاڑیوں سے میڈلز کی امیدیں تھیں مگر دونوں ٹیمیں لیگ رائونڈ سے آگے نہ بڑھ سکیں۔
Load Next Story