آزادی صحافت پر قدغن لگانے کی اجازت نہیں دینگے جی ایم جمالی

رہائشی اسکیم میں ممبران کو فلیٹس دینگے،میڈیا پر پابندی لگی تو تحریک چلائیں گے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر جی ایم جمالی پریس کلب میں سالانہ اجلاس عام سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے جنرل باڈی اجلاس میں ارکان کی اکثریت نے سالانہ کارکردگی رپورٹ اور مالیاتی رپورٹ برائے سال2012 کو منظور کرلیا ہے۔

کے یو جے کے ارکان نے منظور کی گئی متفقہ قرارداد کے ذریعے واضح کیا ہے کہ حکومت، عدلیہ، پیمرا یا کسی بھی ادارے کے ذریعے آزادی صحافت پر قدغن لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور میڈیا پر اگر کوئی پابندی عائد کی گئی تو کے یو جے کے ارکان پی ایف یو جے سے مطالبہ کرتے ہیں اس پابندی کے خلاف ملک گیر بھرپور تحریک چلائی جائے، اس قرارداد کے ذریعے پی ایف یو جے سے یہ سفارش بھی کی گئی ہے کہ وہ اس سلسلے میں فوری طور پر اے پی این ایس اور سی پی این ای سے ملکر لائحہ عمل طے کرے اور میڈیا کے حوالے سے ایک ضابطہ اخلاق ترتیب دیا جائے،کے یو جے کی جنرل باڈی کا اجلاس ہفتہ کو کراچی پریس کلب کے نجیب احمد ٹیرس پر کے یو جے کے صدر جی ایم جمالی کی صدارت میں منعقد ہوا،اجلاس میں پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل امین یوسف، کے یوجے کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی، نائب صدر رفیق بشیر سمیت کے یو جے کی موجودہ باڈی کے ارکان سمیت ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں کے یو جے کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے کے یوجے کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی جبکہ کے یو جے کے خازن واجد اصفہانی نے سال2012 کی مالیاتی رپورٹ پیش کی، دونوں رپورٹس کو کے یو جے کے ارکان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا، جنرل باڈی اجلاس میں ارکان نے اظہار خیال کیا اور اپنی تجاویز پیش کیں،اس موقع پر خطاب میں کے یو جے کے صدر جی ایم جمالی نے کہا کہ کسی ادارے یا حکومت کو آزادی صحافت پر قدغن لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، انھوں نے کہا کہ پی ایف یو جے ایک جدوجہد کا نام ہے اور اس میں کے یو جے کا ایک اہم کردار ہے انھوں نے آزادی صحافت میں نمایاں خدمات انجام دینے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور واضح کیا کہ آج ہم جس مقام پر موجود ہیں وہ ہمارے سینئر رہنماؤں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔




جی ایم جمالی نے کہا کہ میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ہمارے دور میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے جو کام ہوئے ہیں وہ ہم نے ایک منظم اور مربوط حکمت عملی کے تحت انجام دیے ہیں، کے یو جے کی رہائشی اسکیم میں تمام ممبران کو بلاتفریق فلیٹس دیے جائیں گے،انھوں نے تمام ارکان پر زور دیا کہ وہ اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کریں،مجھے نہ پہلے عہدے کی ضرورت تھی اور نہ اب ہے، مجھے آپ تمام نے منتخب کیا ہے اور میری پہچان آپ ہیں، اس موقع پر پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل امین یوسف نے کہا کہ موجودہ سال میں پی ایف یو جے کے ذیلی یونٹس میں انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ فیڈرل ایگزیکٹو کونسل (ایف ای سی) نے کیا تھا اور اب اس معاملے کا مزید جائزہ بی ڈی ایم کے اجلاس میں لیا جائے گا۔

کے یو جے کے سیکریٹری جنرل فہیم صدیقی نے ارکان کو بتایا کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس کا پورا نام مخفف یعنی کے یو جے اور تنظیم کے دونوں لوگوز کی رجسٹریشن انٹیلیکچول پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) سے کروالی گئی ہے اور اس کا سرٹیفکیٹ ہمیں مل گیا ہے جس کے بعد اب کوئی تنظیم کے یو جے کا نام اور لوگو استعمال نہیں کرسکے گی اور نہ ہی کے یو جے کے نام سے کوئی بینک اکاؤنٹ کھلوا سکے گی اور نہ ہی کوئی خبر جاری کرسکے گی، کے یو جے کے ارکان نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے خدمات انجام دینے پر صدر جی ایم جمالی اور موجودہ باڈی کے ارکان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
Load Next Story