پانی کے مسائل کے حل کیلیے پاپوش میں کھلی کچہری کا انعقاد

شہریوں کو پانی کی فراہمی منتخب نمائندوں کی ذمے داری ہے، اراکین اسمبلی

حق پرست اراکین اسمبلی ریحان ہاشمی، عبدالرؤف صدیقی اور خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ منتخب نمائندوں کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے حلقہ انتخاب کے لوگوں کو پینے کا پانی فراہم کرائیں. فوٹو: رائٹرز/ فائل

ISLAMABAD:
ایم کیو ایم کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی ریحان ہاشمی، رکن صوبائی اسمبلی عبدالرؤف صدیقی اور خواجہ اظہارالحسن کے ہمراہ منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ مصباح الدین فرید نے فراہمی و نکاسی آب کے مسائل معلوم کرنے اور ان کے حل کے لیے پاپوش نگر میں کھلی کچہری میں لوگوں کے مسائل معلوم کیے۔

کھلی کچہری 2 گھنٹے جاری رہی، اس موقع پر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، کھلی کچہری میں پاپوش نگر اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے پانی کی قلت، سیوریج کی لیکجز اور پینے کے پانی میں آلودگی کی شکایات کیں، ریحان ہاشمی اور عبدالرؤف صدیقی نے مختلف علاقوں میں پانی کی کمی، آلودہ پانی اور سیوریج سمیت مختلف مسائل پر ایم ڈی واٹر بورڈ کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں لوگوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے اور اگرپانی آتا ہے تو وہ گدلا ہے، لیکجز کا اور آلودہ پانی سے متعلق مسائل کا فوری سدباب کیا جائے، خاص طور پر والوو آپریشن کی سخت نگرانی کی جائے۔




حق پرست اراکین اسمبلی ریحان ہاشمی، عبدالرؤف صدیقی اور خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ منتخب نمائندوں کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے حلقہ انتخاب کے لوگوں کو پینے کا پانی فراہم کرائیں، علاقوں میں متعین افسران و اسٹاف کی ذمے داری ہے کہ وہ لوگوں کی شکایات پر توجہ دیں اور جن علاقوں میں پانی کی قلت ہے اس کا جائزہ لے کر اس کا فوری ازالہ کیا جائے جبکہ آلودہ پانی کا فوری سدباب کیا جائے اور لیکجز کا خاتمہ کیا جائے تاکہ رساؤ سے پانی ضائع نہ ہو، ایم ڈی واٹر بورڈ نے متعلقہ افسران کوسختی سے ہدایت کی کہ ان تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
Load Next Story