میری فلم کی ناکامی کا ذمہ دار شاہ رخ ہےایکتا کپور

’’ونس اپاؤن اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ‘‘ہالز نہ ملنے کی وجہ سے ناکام ہوئی

’’ونس اپاؤن اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ‘‘ہالز نہ ملنے کی وجہ سے ناکام ہوئی. فوٹو : فائل

ایکتا کپور نے الزام عائد کیا ہے کہ میری اس سال کی سب سے بڑی فلم''ونس اپاؤن اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ'' کی ناکامی کے ذمہ دار شاہ رخ خان ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چنائے ایکسپریس کے پروڈیوسرز نے میری فلم''ونس اپاؤن اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ'' کے لیے یوم آزادی پر کم از کم دو ہزار ہالز خالی کرنے کا وعدہ کیا تھا جس سے بعد میں وہ مکر گئے اور ان کی اس حرکت سے مجھے فلم کی ریلیز کے پہلے دن کم از کم دس کروڑروپے کا نقصان ہوا ہے۔ یوٹی وی موشن پکچرز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مسائل اس وقت ہی پیدا ہو گئے تھے جب شاہ رخ خان نے اپنی فلم 9اگست کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا حا لانکہ ایکتا کپور پہلے ہی ''ونس اپاؤن اے ٹائم ممبئی دوبارہ'' کو عید پر ریلیز کرنے کا اعلان کر چکی تھیں جس کے بعد ایکتا نے شاہ رخ کو اس لڑائی سے دور رکھنے کے لیے کئی کوششیں کی جب کہ اس مسئلے کو حل کے لیے ''یوٹی وی موشن پکچرز'' اور''ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ '' کے پروڈیوسرز کے درمیان بات چیت بھی ہوئی تھی۔

اس گفت و شنید کے بعد ایکتا ''ونس اپاؤن اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ'' کودوسرے بڑے ہالی ڈے پندرہ اگست ( بھارت کا یوم آزادی) کو ریلیز کرنے پر آمادہ ہوگئی تھی۔ ایکتا کپور کو''چنائے ایکسپریس'' کے پروڈیوسرز نے اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ پندرہ اگست تک ملک بھر کے کم از کم دو ہزار ہالز سے اپنی فلم ہٹا دیں گے۔ اورچنائے ایکسپریس ''ونس اپاؤن اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ'' کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔ لیکن جب چنائے ایکسپریس نے ریکارڈ قائم کرنا شروع کیے تو پروڈیوسرز کے دل میں لالچ آگیا کہ اس وقت ''چنائے ایکسپریس'' کا ''ونس اپاؤن اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ''کو راستہ دینا گھاٹے کا سودا ہوگا۔



جب کہ ایکتا کپور کے والد جتندر کے اس معاملے میں ٹانگ اڑانے سے صورت حال مزید خراب ہوگئی۔ جتندر نے متعدد بار شاہ رخ خان سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ اور کئی بار کی جانے والی فون کالز کے بعد ایک نامعلوم شخص نے یہ کہ کر فون رکھ دیا کہ'' شاہ رخ سر انٹرویوز میں مصروف ہیں۔''


اس بات نے صورت حال کو مزید گھمبیر کردیااور ایکتا کو مجبوراً سولہ سو اسکرینوں پر ہی''ونس اپاؤن اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ'' کو ریلیز کرنا پڑا۔

85کروڑ کے بجٹ سے بننے والی اس فلم کو محدود ریلیز کی وجہ سے ناظرین میں وہ پزیرائی نہیں مل سکی جس کی توقع کی جارہی تھی۔ فلمی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر چنائے ایکسپریس کے پروڈیوسر اپنا وعدہ پورا کر دیتے تو ریلیز کے پہلے دن ہی ''ونس اپاؤن اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ'' کی کلیکشن میں دس کروڑ اضافہ ہوسکتا تھا۔

ان سب باتوں نے ایکتا کو آگ بگولہ کر دیا ہے اور وہ سب سے یہی کہہ رہی ہیں کہ'' جو کچھ بھی ہوا وہ سب نہایت ہی قابل نفرت ہے اوراس کے ذمہ دار شاہ رخ خان ہیں۔'' دوسری جانب شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس نے ایکتا کپورکے اس الزام پر ابھی تک کوئی بیان نہیں دیا ہے تا ہم چنائے ایکسپریس کے دوسرے پروڈیوسر سدہارتھ رائے کپور کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ '' چنائے ایکسپریس نو اگست کو ریلیز کی گئی تھی اور ریلیز کے پہلے انتہائی اہم ہفتے میں رضا کارانہ طور پر اسے ہٹانے کی توقع کرنا انتہائی بے وقوفانہ بات ہے۔''

ممبئی کے ایک بڑے سینیماکے اہم عہدے دار نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ فلم پروڈیوسر کے پاس یہ اختیار ہوتا ہے کہ وہ چاہے تو اگلی فلم کے لیے اپنی فلم ہٹانے کی درخواست کر سکتاہے لیکن ہمیں'' چنائے ایکسپریس'' کے پروڈیوسر کی جانب سے اس طرح کی کوئی درخواست ہی موصول نہیں ہوئی۔

لیکن اس بات کا بھی خیال رہے کہ پروڈیوسر فلم ہٹانے کے لیے صرف درخواست کر سکتا ہے اسے ہٹانا یا نہیں ہٹا نا ہماری مرضی پر منحصر ہوتا ہے اور ہم نے ''ونس اپاؤن اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ'' کے تمام شو اپنی صوابدید پر دکھائے ہیں۔ دوسری جانب جوہو کے ایک سینیما گھر کے مالک کا کہنا ہے کہ چنائے ایکسپریس کے پروڈیوسرز نے فلم نہ ہٹانے کے لیے ہم پر دباؤ ڈالا تھا۔
Load Next Story