چار لاکھ روپے نے بچوں کو’’ عظیم کوچ‘‘ سے محروم کر دیا

انڈر19کی کوچنگ کیلیے یونس نے15لاکھ طلب کیے بورڈ11سے آگے نہ بڑھا

سابق کپتان کے ’’دوستوں‘‘ نے ڈٹے رہنے کا کہا مگر پی سی بی دباؤ میں نہیں آیا۔ فوٹو: فائل

چار لاکھ روپے نے بچوں کو ''عظیم کوچ'' سے محروم کر دیا۔

بھارت میں راہول ڈریوڈ جونیئر ٹیم کی کوچنگ میں خاصے کامیاب ثابت ہوئے تو پاکستان بھی اس تجربے کو دہرانے کا سوچنے لگا، اس ضمن میں یونس خان کو کوچ بنانے کا ارادہ کیاگیا مگر گذشتہ دنوں اطلاعات سامنے آئیں کہ سابق کپتان سے بورڈ کے مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ صرف چار لاکھ روپے کی وجہ سے ڈیڈلاک آیا، پی سی بی یونس خان کو11 لاکھ روپے ماہانہ دینا چاہتا تھا مگر سابق کپتان 15 لاکھ سے کم پر آمادہ نہ ہوئے، ان کے بعض''دوستوں '' نے بھی انھیں ڈٹے رہنے کا کہا، البتہ بورڈ دباؤ میں نہ آیا یوں مذاکرات کا سلسلہ ختم ہو گیا، اب حکام کسی اور بڑے سابق کرکٹر کو انڈر19کوچ بنانے کیلیے آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں۔


یونس نے کوچنگ کے ساتھ سلیکشن کمیٹی کی ذمہ داری بھی سنبھالنے کا کہا تھا، ان کی ٹیم میں سابق کرکٹرز ارشد خان اور عبدالرزاق کی شمولیت کی بھی اطلاعات زیرگردش تھیں۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' نے یونس خان سے رابطہ کیا تو انھوں نے کسی قسم کے تبصرے سے انکار کر دیا، ان کے مطابق اس حوالے سے پی سی بی ہی کچھ بتا سکتا ہے، بورڈ کے ترجمان نے بھی رابطے پر تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل میڈیا سے بات چیت میں کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان نے یونس خان سے معاملات طے نہ ہونے کی تصدیق کر دی تھی۔

 
Load Next Story