شہر میں روسی گندم کے آٹے کی فروخت شروع تاجروں نے غیر موزوں قرار دیدیا

روسی گندم سے تیار آٹا ناقص اور غیر معیاری ہے سرخی مائل آٹے کی روٹیاں خشک اور سخت ہوتی ہیں، ٹھنڈی ہوتے ہی پاپڑ بننے۔۔۔

بیوپاریوں اور تاجروں نے روسی آٹے کے نمونے مسترد کردیے، آٹے میں مکسنگ کردی گئی، صارفین اور دکاندار کا روسی آٹے پر اعتراض۔ فوٹو: فائل

شہر میں روسی گندم سے تیار شدہ آٹے کی فروخت شروع کردی گئی ہے۔

صارفین اور تاجروں کے مطابق روسی گندم کی آمیزش سے تیار شدہ آٹا ناقص اور غیرمعیاری ہے سرخی مائل آٹے کی روٹیاں خشک اور سخت ہیں جو ٹھنڈی ہوتے ہی پاپڑ بن رہی ہیں،آٹے کے بیوپاریوں اور تاجروں نے روسی گندم سے تیار آٹے کو کراچی کے لیے ناموزوں قرار دیا ہے، روسی گندم کے دانے کمزور، چھوٹے اور خشک ہیں روسی گندم سرخی مائل ہے جس کی وجہ سے درآمدی گندم سے تیار شدہ آٹا بھی سرخ لگ رہا ہے اس کے مقابلے میں دیسی گندم کے دانے موٹے بڑے اور سفیدی مائل ہیں۔

روسی گندم کے آٹے میں لیس نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ دیسی گندم کا آٹا لیس دار اور نرم ہوتا ہے، فلور ملوں کی جانب سے آٹے کے بڑے بیوپاریوں کو روسی گندم سے تیار آٹے کے نمونے دیے گئے تھے ، بیوپاریوں نے یہ نمونے دیکھتے ہی مسترد کردیے فلور ملوں نے روسی گندم کا آٹا 100 روپے فی بوری کم قیمت پر سپلائی کرنے کی پیشکش کی تھی، بیوپاریوں کی جانب سے مسترد کیے جانے کے بعد آٹے میں دیسی اور روسی گندم کی مکسنگ کردی گئی جس سے آٹے کی سرخی کسی حد تک کم ہوگئی، صارفین اور دکانداروں کی جانب سے آٹے کے معیار پر اعتراضات سامنے آرہے ہیں۔




کراچی ریٹیل گراسرز الائنس کے ایڈوائزر محمد فاروق میمن نے بتایا کہ فلور ملوں میں روسی گندم سے بنایا گیا آٹا کراچی میں بمشکل فروخت ہوسکے گا آٹے کے بڑے بیوپاریوں نے صارفین کی جانب سے کھلا ردعمل آنے تک روسی گندم سے تیار آٹے کی خریداری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور محدود مقدار میں ہی فلور ملوں سے روسی گندم کا آٹا خریدا جارہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت نے روس سے گندم کی درآمد میں غذائیت کا خیال نہیں رکھا، روسی آٹے کی کھپت ہوٹلوں میں ہوگی جہاں سوڈے اور خمیر سے روٹیاں تیار کی جاتی ہیں، مارکیٹ ذرائع کے مطابق درآمدی گندم کی 100 کلو گرام بوری کی لاگت 3450 روپے آرہی ہے جبکہ 100 کلو گرام مقامی گندم کی بوری 3550 روپے میں فروخت ہورہی ہے، روسی گندم کو اچھا ردعمل نہ ملنے اور مکسنگ کی وجہ سے فلور ملوں نے ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 60 روپے بوری کم کردی ہے اس کمی سے ڈھائی نمبر کا 50 کلو گرام آٹا 1990 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔
Load Next Story