فوج بلانے کا مطالبہ جائز نہیں ن لیگ مخالفت کرینگے پیپلز پارٹی

مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، شاہی سید، کراچی کا مسئلہ سیاسی بنیادوں پر حل کیا جائے، شیرپائو

مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، شاہی سید، کراچی کا مسئلہ سیاسی بنیادوں پر حل کیا جائے، شیرپائو۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے کراچی میں فوج بلانے کی مخالفت جبکہ عوامی نیشنل پارٹی نے حمایت کی ہے۔

پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فوج بلانے کا مطالبہ کرنے والی جماعتیں پہلے اپنی صفوں کو قاتلوں سے پاک کریں۔ آمرانہ حکومتوں میں جمہوریت کی بحالی کے لیے پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے بہت تکلیفیں برداشت کی ہیں اور اب نہیں آمرانہ قوتوں اور ان کے ایجنٹوں سے مکمل تحفظ دینے کی ضرورت ہے۔ ن لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر امورکشمیر برجیس طاہر نے کہا ہے کہ کراچی میں فوج بلانے کا مطالبہ جائز نہیں ہے، الطاف حسین اپنے الفاظ واپس لیں اور جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کریں۔




وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ کراچی میں قتل عام بند ہونا چاہیے۔ قیام امن صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی گزشتہ چار برسوں سے کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتی چلی آرہی ہے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے ہمارے دیرینہ موقف کی تائید خوش آئند ہے۔ قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیر پائو نے کہا کہ کراچی کو فوج کے حوالے کرنا بے وقوفی ہے، کراچی کا مسئلہ سیاسی ہے اور اسے سیاسی بنیادوں پر حل ہونا چاہیے۔
Load Next Story