سنی تحریک عدم تشدد کی سیاست پریقین رکھتی ہے ثروت اعجاز

حکومت وانتظامیہ بتائے کہ وہ دہشت گردوں کو قانون کے دائرے میں لائیں گے یا نہیں

حکومت وانتظامیہ بتائے کہ وہ دہشت گردوں کو قانون کے دائرے میں لائیں گے یا نہیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ امن کا پرچم بلند کرنے کی سزا کارکنان کو پے در پے قتل کرکے دی جارہی ہے، حکومت و انتظامیہ بتادے کہ وہ دہشت گردوں کو قانون کے دائرے میں لائیں گے یا نہیں؟، پاکستان سنی تحریک کے کارکنان جانوں کی قربانیاں دے کر اپنے پرامن ہونے کا ثبوت دے چکے ہیں،سنی تحریک اپنے شہدا کے لہوکو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دے گی اگر صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا تو دہشت گردوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی پاکستان سنی تحریک عدم تشدد کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، اگر انصاف فراہم نہیں کیا گیا تو سخت احتجاج کریں گے۔


حکومت و انتظامیہ مصلحت پسندی کو ترک کرکے شہر کے امن کو تباہ کرنیوالوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے، کارکنان احتجاج کے لیے تیارر ہیں، کراچی میں فرقہ وارانہ فسادات کا جال بُنا جاچکا ہے جس کے پیچھے بیرونی قوتوں کا ہاتھ ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنی رہائش گاہ قادری ہائوس پر سندھ کے کنوینر نوراحمد قاسمی صوبائی رہنمائوں خالد حسن عطاری، التماس صابر، مولانا منظور قادری، عبدالغفار قادری سمیت25رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بانیاں پاکستان کی اولادوں کا پے در پے قتل عام ہورہا ہے مگر افسوس حکومت اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے مذمت تک نہیں کی گئی بلکہ مسلک کے نام پر سیاست چمکائی جارہی ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے اسلاف نے بنایا تھا اور اس کی حفاظت بھی ان ہی کی اولادیں کریں گی۔
Load Next Story