تیز رفتار گاڑیوں نے 5 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا

بلوچ کالونی پل کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار22سالہ شہزاداور18سالہ ندیم کو روندیا۔

سپر ہائی وے لنک روڈ کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار13سالہ محرم اور12سالہ بشیراحمدہلاک۔ فوٹو : فائل

بلوچ کالونی پل کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار 2 نوجوانوں کو کچل دیا جب کہ سپر ہائی وے لنک روڈ نمبر 8 کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 نوعمر لڑکے جاں بحق ہوگئے۔

بہادرآباد تھانے کی حدود شہید ملت روڈ پر بلوچ کالونی پل کے قریب تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئیں۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت22سالہ شہزاد ولد مختار اور 18سالہ ندیم نذیر احمد کے نام سے کی گئیں، جاں بحق ہونے والے نوجوان محمود آباد کے رہائشی تھے، متوفی کے ورثا پولیس کارروائی کرانے سے انکار کرکے لاشیں اپنے ہمراہ لے گئے،سپر ہائی وے لنک روڈ نمبر 8 کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار2نوعمر لڑکے جاں بحق ہوگئے۔ متوفین کی لاشیں ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائیں۔


ایس ایچ او میمن گوٹھ انسپکٹر راجہ طارق نے بتایا کہ متوفین کی شناخت 13 سالہ محرم اور 12 سالہ بشیر احمد کے نام سے ہوئیں جو کہ میمن گوٹھ کے ہی رہائشی تھے جبکہ حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تاہم ٹرک کو پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا بعدازاں پولیس نے متوفین کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

ادھر کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے گودام چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھینپا کی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لائی گئی۔

ایس ایچ او انسپکٹر اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 30 سالہ طارق احمد کے نام سے ہوئی ہے جس کے قبضے سے ملنے والے شناختی کارڈ پر اس کا پتہ اندرون سندھ شکار پور کا درج ہے تاہم پولیس ورثا کے رابطہ کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔
Load Next Story