مظفرگڑھ اور خیرپور میں سیلاب سے مزید تباہی ایک شخص جاں بحق

گھوٹکی، دادو اور نوابشاہ کے300 سے زیادہ دیہات زیرآب آگئے، ترجمان این ڈی ایم اے

جامشورو: متاثرین سیلاب زیر آب دیہات سے محفوظ مقام کی جانب منتقل ہورہے ہیں۔ فوٹو: آئی این پی

مظفر گڑھ اور خیرپور میں سیلابی پانی نے متعدد دیہات میں تباہی مچا دی۔کئی مقامات پر6 فٹ تک پانی جمع ہونے کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد پھنس کررہ گئی ہے جبکہ متعدد متاثرہ افراد نے سڑک کنارے خیموں میں پناہ لے رکھی ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور سیلابی پانی کوٹری اور چشمہ بیراج سے گزر رہا ہے جس کے باعث نوشہرو فیروز،گھوٹکی، دادو، نواب شاہ اور جام پور کے 300 سے زیادہ دیہات زیرآب آگئے ہیں جبکہ وسیع رقبے پر کھڑی فصلیں بھی پانی میں بہہ گئی ہیں۔ آئی این پی کے مطابق اوچ شریف میں سیلاب میں پھنسے رشتے داروں کو بچانے کے لیے جانے والے 3 افراد سیلابی ریلے کی زد میں آکر ڈوب گئے جن میں سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ 2 کو بچالیا گیا۔




ادھر پیر محل میں حکومت پنجاب کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لیے بھیجے گئے۔ خشک راشن کی تقسیم کے تنازع پر لوگ آپس میں گھتم گتھا ہوگئے، اس دوران پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا جس کے بعد گرفتار افراد کے لواحقین نے فیصل آباد، ملتان روڈ بند کرکے احتجاج کیا۔ حیدرآباد سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق دریائے سندھ میں کوٹری بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جبکہ گدو اور سکھر بیراجوں پر پانی کی سطح میں کمی آ رہی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story