جنوبی کوریا پن بجلی کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کریگا

کوریا سیلاب کی روک تھام کیلیے تکنیکی تعاون کا خواہاں ہے،کورین...

کوریا سیلاب کی روک تھام کیلیے تکنیکی تعاون کا خواہاں ہے،کورین وزیرقومی بحالی

جنوبی کوریا نے پاکستان میں پن بجلی اور پانی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے سیلاب سے بچائو اور پانی کے منصوبوں میں تکنیکی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اس ضمن میں جنوبی کوریا کے وزیر برائے قومی بحالی مے ینگ پل شم نے پیرکو وفاقی وزیر پانی وبجلی چوہدری احمد مختار سے ملاقات کی جس میں وزارت پانی و بجلی کے خصوصی سیکریٹری، ایڈیشنل سیکریٹری وجوائنٹ سیکریٹری (پانی)، چیئرمین واپڈا، ایم ڈی پرائیویٹ پاور انفرااسٹرکچر بورڈ، چیئرمین فیڈرل فلڈ کمیشن اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

جنوبی کورین وزیر نے کہا کہ کورین کمپنیاں پاکستان میں پانی و بجلی کے شعبے میں پہلے ہی کام کر رہی ہیں اور مزید کمپنیاں بھی سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں، کوریا کو سیلاب کی روک تھام کے شعبے میں مہارت حاصل ہے اور وہ اس سلسلے میں پاکستان کی تکنیکی تعاون کا خواہاں ہے۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ کیلیے باہمی تعاون کے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور سیلاب سے بچائو اور دریائوں کے انتظام سے متعلق منصوبوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔


وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار نے پاکستان میں پانی و بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری پر کوریا کی کمپنیوں کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں پن بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے، ہائیڈرو پاور سیکٹر میں 59 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی نشاندہی ہو چکی ہے اور ان پر کام جاری ہے، حکومت سستی بجلی پیدا کرنے کیلیے مقامی وسائل پر انحصار کر رہی ہے اور مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اجلاس میں کوریا کی کمپنیوں کو نیلم جہلم اور دیامر بھاشا ڈیم کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی گئی۔

وفاقی وزیر احمد مختار نے کہا کہ حکومت کوریا کے سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولتیں فراہم کرے گی۔ قبل ازیں چیئرمین واپڈا نے پاکستان میں پن بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اور جاری و مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ1422میگاواٹ کے پن بجلی کے 5منصوبے 3 سال میں مکمل ہو جائیں گے۔
Load Next Story