ورلڈ کپ کا سفر 2015 میں کینگروز پانچویں مرتبہ عالمی چیمپئن بن گئے

پاکستان ٹیم کی قیادت مصباح الحق کے پاس تھی، یہ ان کے کیریئر کا آخری ایونٹ تھا۔

پاکستان ٹیم کی قیادت مصباح الحق کے پاس تھی، یہ ان کے کیریئر کا آخری ایونٹ تھا۔ فوٹو: فائل

ورلڈ کپ کا 11واں ایڈیشن مشترکہ طور پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد ہوا جس میں آسٹریلوی ٹیم نے فائنل میں اپنے ہی شریک میزبان کیویزکو 7 وکٹ سے شکست دے کر ریکارڈ پانچویں مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

پاکستان ٹیم کی قیادت مصباح الحق کے پاس تھی، یہ ان کے کیریئر کا آخری ایونٹ تھا، اسی طرح ٹیم میں شامل شاہد آفریدی اور یونس خان بھی اپنے کیریئر کا اختتامی ورلڈ کپ کھیل رہے تھے۔ پاکستان ٹیم نے 6 میں سے 4 گروپ میچز میں کامیابی حاصل کرکے اپنے پول میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے بعد کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔


پہلے میچ میں بھارت کے خلاف پاکستان کو 76 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ویسٹ انڈیز کے خلاف اگلے میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، حریف سائیڈ کے 6 وکٹ 310 رنز کے جواب میں پوری ٹیم 39 اوورز میں 160 رنز پرڈھیر ہوگئی تھی۔

تیسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے پر 20 رنز کی فتح سے اپنے حوصلے بحال کیے اور پھر اگلے میچ میں ایک اور کمزور ٹیم یونائیٹڈ عرب امارات کو 129 رنز سے مات دے کر ان حوصلوں کو توانا کیا۔ جنوبی افریقہ کیخلاف سرفراز نے 49 رنز بناکر اپنی ٹیم کی ڈی ایل میتھڈ پر 29 رنز کی فتح میں اہم حصہ ڈالتے ہوئے مین آف دی میچ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

گروپ میں آئرلینڈ کے خلاف اپنے آخری میچ میں گرین شرٹس نے 7 وکٹ سے فتح پائی، سرفراز احمد ناقابل شکست 101 رنز بناکر ایک بار پھر مین آف دی میچ قرار پائے۔ کوارٹر فائنل میں پاکستان کا مقابلہ میزبان آسٹریلیا سے ہوا، جس میں مایوس کن بیٹنگ کی وجہ سے ٹیم کو 6 وکٹ سے شکست برداشت کرنا پڑی۔
Load Next Story