پی ایس او کو گزشتہ مالی سال1256ارب روپے کا منافع

ٹرن اوور8فیصداضافے سے1295ارب روپے،مجموعی مارکیٹ شیئر64.3فیصد رہا

کمپنی کا حصص یافتگان کے لیے2.5 روپے فی شیئر حتمی نقد ڈیویڈنڈ کابھی اعلان فوٹو: فائل

گردشی قرضوں کی ادائیگی کے باعث پاکستان اسٹیٹ آئل نے مالی سال 2013کے لیے39فیصد اضافے سے12.56ارب روپے کے بعد از ٹیکس منافع کا اعلان کیا ہے۔

پی ایس او کے بورڈ آف مینجمنٹ کا اجلاس گزشتہ روز پی ایس او ہاؤس میں ہوا جس میں 30جون کو ختم ہونے والی مالی سال کے دوران کمپنی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔گزشتہ مالی سال کے دوران کمپنی نے 1295ارب روپے کا ٹرن اوور حاصل کیا جو مالی سال 2012 کے1200ارب روپے کے ٹرن اوور کے مقابلے میں8فیصد زائد ہے،کمپنی کا منافع 9.06ارب روپے سے بڑھ کر12.56ارب روپے جبکہ کمپنی کا فی شیئر منافع 38.64 فیصد سے بڑھ کر50.84فیصد ہوگیا۔




مالی سال 2013کے دوران پی ایس او نے بلیک اور وائٹ آئل میں بالترتیب 75.5اور 55.7فیصد شیئر کے ساتھ مارکیٹ میں اپنی برتری برقرار رکھی اور اس طرح مجموعی مارکیٹ شیئر64.3فیصد رہا، مذکورہ مدت کے دوران کمپنی کی لیکوئڈ فیول سیلز 12.3ملین میٹرک ٹن سے بڑھ کر12.5ملین میٹرک ٹن ہوگئی۔ پی ایس او نے 2.5 روپے فی شیئر کے فائنل کیش ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا ہے جبکہ2.5روپے فی شیئر(25فیصد کے مساوی) عبوری کیش ڈیونڈڈ کا اعلان پہلے ہی کیا جاچکا ہے، اس کے علاوہ 20فیصد کی شرح پر بونس کے اجرا کا بھی اعلان کیا گیا، یوں پہلے سے اعلان شدہ عبوری ڈیویڈنڈ کے ساتھ جمع کرکے اس سال کامجموعی کیش ڈیویڈنڈ 5روپے فی شیئر رہا۔
Load Next Story