فکسنگ ملوث افراد پر فیفا نے عالمی پابندیاں عائد کردیں

ایسٹونیا، تیونس کے پلیئرز اور لبنان و آرمینیا کے آفیشلز کرپشن پر سزا کا شکار ہوئے۔

میچ فکسنگ کی کوشش کرنے والوں پر فیفا کی جانب سے عالمی پابندیاں عائد کر دی گئیں۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
میچ فکسنگ کی کوشش کرنے والوں پر فیفا کی جانب سے عالمی پابندیاں عائد کر دی گئیں، ایسٹونیا، تیونس کے پلیئرز اور لبنان و آرمینیا کے آفیشلز سزا کا شکار ہوئے۔

فٹبال کی عالمی تنظیم نے بتایا کہ متعلقہ فیڈریشنز نے پہلے ہی مقامی لیول پر یہ پابندیاں عائد کی تھیں جنھیں اب عالمی پیمانے پر بڑھا دیا گیا، پابندی کا سامنا کرنے والوں میں2آرمینین آفیشلز بھی شامل ہیں،یوئیفا نے ان پر جولائی میں یورپا لیگ کے ایک میچ کو فکسڈ کرنے کی کوشش میں پابندی لگائی تھی۔ ایف سی انٹر ٹرکو اور ویکنگر کے مابین میچ کھلانے والے ریفری اندرانک آرسینین اور اسسٹنٹ ہوواہینس اواگیان پر تاحیات پابندی عائد تھی ۔ قبل ازیں آرمینین فٹبال فیڈریشن کی سماعت میں انھوں نے سیکنڈ لیگ مقابلے کے نتیجے میں دھاندلی کا اعتراف کیا تھا، میچ ویکنگر نے 1-0 سے جیت لیا تھا۔




ایک گیم کو فکسڈ کرنے کے لیے جنسی فوائد حاصل کرنے پر سنگاپور میں 6 ماہ جیل کی سزا کاٹنے والے لبنانی ریفری علی سباغ کو ابتدائی طور پر ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے معاملے کی تحقیقات کے بعد سزا دینے کا اعلان کیا تھا، انھیں3 اپریل کو سنگاپور کے ٹمپائنز روور اور بھارتی ایسٹ بنگال کے مابین ایک اے ایف سی میچ کے شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل ہٹادیا گیا تھا۔ فیفا نے ایسٹونیا کے ایک پلیئر ایلوس لیواماگی پر عائد تاحیات پابندی کی بھی توثیق کی جو ان کی اپنی فیڈریشن نے ڈومیسٹک میچ فکسنگ کی تحقیقات کے بعد عائد کی تھی۔ تیونس کے2 پلیئرز ماروآنے ٹراؤڈی اور محمد ڈریڈی کے ساتھ ایک آفیشل امیر جزیری پر بھی ڈومیسٹک میچ میں دھاندلی پر ابتدائی طور پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
Load Next Story