پاکستان نے خطے میں استحکام کیلیے مثبت کوششیں کیں امریکی سفیر

رچرڈ ہوگلینڈ پاکستان کے دوست ہیں، باہمی تعلقات کے فروغ میں انکا کردار اہم ہے، نثار

امریکی سفیر اور نئے تعینات ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی وزارت داخلہ میں وزیرداخلہ سے ملاقات۔ فوٹو: فائل

وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی سے امریکی سفیررچرڈ ہوگلینڈاور امریکا کے پاکستان میں نئے تعینات ڈپٹی ہیڈآف مشن ٹوم ویلیمزنے جمعرات کو وزارت داخلہ میں ملاقات کی۔

وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیرداخلہ نے پاکستان میں تعیناتی کے دوران پاک امریکا تعلقات کو فروغ دینے میں رچرڈ ہوگلینڈ کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رچرڈ ہوگلینڈ پاکستان کے اچھے دوست ہیں اور انھوں نے ہمیشہ پاکستان اور امریکا کو قریب کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔




وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے خطے میں ہمیشہ استحکام برقرارر کھنے میں مثبت کردار ادا کیاہے اور خاص طور پر افغانستان سے آئندہ سال امریکی افواج کے انخلا کے بعد امریکا پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کرے گا۔ رچرڈ ہوگلینڈ نے اپنی تعیناتی کے دوران پاکستان کی خطے میں استحکام اور امن کے قیام کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس مقصد کے لیے مثبت کوششیں کی ہیں۔ رچرڈ ہوگلینڈ نے کہا کہ پاکستان خطے کا نہایت اہم ملک ہے لہٰذا امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
Load Next Story