حکومت این آر او کیس میں راستہ نکالنا چاہتی ہے نوید قمر

آئینی و قانونی ماہرین بہتر حل بتاسکتے ہیں، عدالت نے وزیراعظم کو تحمل کے ساتھ سنا

آئینی و قانونی ماہرین بہتر حل بتاسکتے ہیں، عدالت نے وزیراعظم کو تحمل کے ساتھ سنا۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر دفاع سید نوید قمر نے کہاہے کہ وفاقی حکومت این آر او کیس میں کوئی راستہ نکالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو سپریم کورٹ میں وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کی پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہاکہ عدالت نے وزیر اعظم کو تحمل کے ساتھ سنا،حکومت راستہ نکالنا چاہتی ہے، اس بارے میں آئینی وقانونی ماہرین ہی کوئی بہتر حل بتاسکتے ہیں۔ سینئروفاقی وزیر برائے تجارت امین فہیم نے کہا کہ آئین کے تحت وزیراعظم نا اہل نہیںہوںگے۔ آئین کے آرٹیکل 12اور 13کے مطابق کسی کو دو مرتبہ سزا نہیںدی جاسکتی۔

ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں،آئین کااحترام سب پاکستانیوں پر واجب ہے۔ نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ عدلیہ کے احترام میں عدالت میں پیش ہونامتفقہ فیصلہ تھا۔ وفاقی وزیر شمالی علاقہ جات وامور کشمیر میاں منظور وٹو نے کہاکہ اب این آر او کیس میں حکومت کوئی راستہ ضرور نکالے گی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سینیٹرحاجی عدیل نے کہاکہ مہلت دینے پرعدالت کے مشکورہیں۔


انھوں نے کہاکہ عدالت سے 6 ہفتوںکاوقت مانگاتو حکومت کو 3 ہفتے مل گئے اگر8 ہفتے مانگتے تو4 ہفتے کاقت مل جاتا۔ وزیراعظم نے عدالت میںمؤقف اختیارکیاکہ خط لکھنے کے حوالے سے وہ کوئی نہ کوئی راستہ نکال لیںگے۔ اگر کوئی شخص لیٹرلکھے توہم اس کی مخالفت نہیںکریںگے۔ انھوںنے کہاکہ عدالت نے وزیراعظم کو وقت دے کراچھا فیصلہ کیا۔

 

Recommended Stories

Load Next Story