بھارت سے مقابلے کا کھلاڑیوں پر دباؤ نہیں پاکستانی کوچ

ساف فٹبال ایونٹ میں کسی بھی حریف کو ہرانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں

ساف فٹبال ایونٹ میں کسی بھی حریف کو ہرانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں. فوٹو: فائل

کوچ شہزاد انور کا کہنا ہے کہ پاکستانی فٹبال ٹیم ساف چیمپئن شپ میں کسی بھی حریف کو ہرانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

کھٹمنڈو میں کپتان ثمر اسحاق کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ بھارت سے ابتدائی مقابلے کا کھلاڑیوں پر کوئی دبائو نہیں ہے،کوچز نے پلیئرز کو مشورہ دیا کہ وہ دبائو کا شکارہونے کے بجائے نارمل انداز میں کھیلیں،انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں صلاحیت کے اعتبار سے برابر ہیں، میچ کے دن جس نے پریشر برداشت کر لیا وہی جیتے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم تکنیک کے اعتبار سے دیگر ٹیموں سے آگے ہے، ہمارے 5کھلاڑی مغربی کلبز کی نمائندگی کرتے ہیں۔




شہزاد انور نے کہاکہ نئے ہیڈکوچ محمد شاملان نے روایتی حریف کو زیر کرنے کیلیے منصوبہ بنالیا،اگر کھلاڑی اس پر100 فیصد عملدرآمد میں کامیاب ہو گئے تو پاکستان ضرور فتح حاصل کرلے گا۔کپتان ثمر اسحاق نے کہاکہ پاک بھارت مقابلے ہمیشہ سنسنی خیز ہوتے ہیں،، ہم بھی فتح کو ذہن میں لیے میدان میں اتریں گے۔ دوسری طرف بھارتی ٹیم کے کوچ ویم کوورمین پُر امید ہیں کہ ان کی ٹیم مسلسل پانچویں مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کرلے گی، انھوں نے کہا کہ میچ چاہے پاکستان سے ہو یا کسی دوسری ٹیم سے ہم فائنل سمجھ کر ہی کھیلیں گے۔ انھوں نے کہا کہ مقابلے میں پریشر پاکستانی سائیڈ پر ہوگا، تاریخ اٹھا کردیکھی جائے تو بلو شرٹس کا پلڑا ہمیشہ بھاری رہا ہے۔
Load Next Story