’ناقابل پیشگوئی‘ کا ٹیگ پاکستانی ٹیم کو کھلنے لگا

ویسٹ انڈیزسے ہار’اپ سیٹ‘ تھی، انگلینڈ کو زیر کرکے اعتماد بحال کرلیا،حسن علی

ویسٹ انڈیزسے ہار’اپ سیٹ‘ تھی، انگلینڈ کو زیر کرکے اعتماد بحال کرلیا،حسن علی۔ فوٹو: فائل

'ناقابل پیشگوئی' کا ٹیگ پاکستانی ٹیم کو کھلنے لگا جب کہ عالمی کرکٹ میں سب سے زیادہ مستقل مزاج سائیڈ بننے کی خواہش ظاہر کردی۔

پاکستان کو دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ غیر پیشگوئی ٹیم قرار دیا جاتا ہے، وہ کمزور ترین سائیڈ سے ہار کر اور مضبوط ترین سائیڈ کو زیر کرکے دنیا کو حیران کردیتی ہے۔ ایسا ہی رواں ورلڈ کپ کے ابتدائی دونوں میچز میں ہوا جب ویسٹ انڈیز جیسی ٹیم سے شکست ہوئی مگر دوسرے میچ میں فیورٹ میزبان ٹیم کو مات دے دی۔

میچ کے بعد بات چیت کرتے ہوئے فاسٹ بولر حسن علی نے کہاکہ ہم اس کامیابی پر بہت زیادہ خوش ہیں، جمعے کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ہمیں اپ سیٹ شکست ہوئی تھی مگر اب کھلاڑیوں نے زبردست کم بیک کیا ہے، ہم نے بہت زیادہ محنت کی، ہم خود پر یقین رکھتے ہیں کہ ہمارے پاس وہ سب کچھ موجود ہے جس کے بل بوتے پر ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں۔


انھوں نے کہا کہ لوگ ہمیں ناقابل پیشگوئی کہتے ہیں مگر ہم اس چیز کو پسند نہیں کرتے، پہلے میچ میں شکست کے بعد اپنی خامیوں، پلان اور اس پرعملدرآمد کے حوالے سے بات کی، ایک چیز کافی اہم ہے کہ ہمارے کوچ مکی آرتھر ہمیشہ ہمیں سپورٹ کرتے ہیں۔

حسن علی نے بتایا کہ انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل بیٹنگ کوچ اینڈی فلاور نے کھلاڑیوں کے ساتھ کافی محنت کی، خاص طور پر باؤنسرز سے نمٹنے کی پریکٹس ہوئی، ہمیں مسلسل 11 میچز ہارنے کی مایوسی تھی مگر ایک چیز اہم ہے کہ ہمیں خود پر یقین ہے، ہمیں صرف ایک قسمت کی تھپکی چاہیے تھی جو مل گئی، ہماری ٹیم کافی اچھی اور متوازن ہے۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ انگلینڈ میں مقیم تارکین وطن کی وجہ سے ہمیں ایسا محسوس ہوا جیسے اپنے ملک میں کھیل رہے ہوں۔

 
Load Next Story