سرفراز احمد کے سر پر ایک میچ سے معطلی کی تلوار لٹکنے لگی

انگلینڈ سے مقابلے میں ٹیم کے ایک اوور پیچھے رہنے پر 20 فیصد جرمانہ کردیا گیا

آرچر اور روئے پرکوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر 15، 15 فیصد میچ فیس جرمانہ۔ فوٹو : فائل

پاکستانی کپتان سرفراز احمد کے سر پر ایک میچ سے معطلی کی تلوار لٹکنے لگی۔

انگلینڈ سے پیر کو ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم مقررہ وقت میں ایک اوور پیچھے رہی،اس وجہ سے کپتان سرفراز احمد کو سلو اوور ریٹ کے جرم میں 20 فیصد جرمانہ کردیا گیا، دیگرکھلاڑیوں پر بھی 10، 10 فیصد میچ فیس جرمانہ عائدہوا۔ سرفراز احمد اگر اب اگلے 12 ماہ کے دوران مزید سلو اوور ریٹ کا شکار ہوئے تو خود بخود ایک میچ کیلیے معطل ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب انگلش پلیئر جیس روئے کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.3 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا، انھوں نے پاکستانی اننگز کے 14 ویں اوور میں مس فیلڈنگ پر بلند آواز سے نازیبا الفاظ منہ سے نکالے جنھیں خود امپائرز نے بھی سنا تھا،15 فیصد میچ فیس جرمانہ کرنے کے ساتھ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈیمیریٹ پوائنٹ بھی ڈال دیا گیا۔


اسی طرح جوفرا آرچر پر آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کا چارج عائد کیا گیا جو امپائرز کے فیصلے سے اختلاف سے متعلق ہے۔ پاکستانی اننگز کے 27 ویں اوور میں انھوں نے اپنی ایک ڈلیوری کو وائیڈ قرار دینے پر امپائر کے فیصلے پر ناخوشی ظاہر کی تھی، انھیں بھی 15 فیصد میچ فیس کے ساتھ ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ کا سامنا کرنا پڑا۔

سرفراز احمد سمیت تینوں پلیئرز نے اپنی خطاؤں اور میچ ریفری جیف کرو کی جانب سے عائد سزاؤں کو قبول کرلیا جس کی وجہ سے باقاعدہ سماعت کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔

 
Load Next Story