ون ڈے سیریز آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کو گھر واپس بھجوا دیا

اسکاٹ لینڈ اور انگلینڈ سے میچز میں انجرڈ مچل اسٹارک بھی شامل نہیں ہوں گے

اسکاٹ لینڈ اور انگلینڈ سے میچز میں انجرڈ مچل اسٹارک بھی شامل نہیں ہوں گے۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا نے اسکاٹ لینڈ سے واحد میچ اور انگلینڈ سے ون ڈے سیریز کیلیے اتوار کو اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

اسٹار اوپنر ڈیوڈ وارنر اور انجری مسائل سے دوچار مچل اسٹارک کو وطن واپس بھجوادیا گیا، کوچ ڈیرن لی مین سمجھتے ہیں کہ وارنر خاطرخواہ رنز بنانے میں ناکام رہے، جس کی پاداش میں انھیں ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے جبکہ میڈیم پیسر مچل اسٹارک کمر کے نچلے حصے میں تکلیف سے دوچار ہونے کے باعث محدود اوورز کے ان مقابلوں میں یلوجرسی زیب تن نہیں کرپائیں گے، آسٹریلوی ٹیم منگل 3 ستمبر کو اسکاٹ لینڈ سے شیڈول واحد ون ڈے کے بعد انگلینڈ کیخلاف جمعہ 6 ستمبر کو لیڈز میں انگلینڈ سے پانچ میچز کی سیریز کی شروعات کرے گی، کوچ لی مین کا کہنا ہے کہ وارنر خود بھی سمجھتا ہے کہ کھیل کے اس فارمیٹ میں اس سے خاطرخواہ رنز اسکور نہیں ہوپائے ہیں، جو اسکواڈ میں اس کی جگہ برقرار نہ رکھنے کا سبب بنے۔




چیمپئنز ٹرافی کے دوران انگلش پلیئر جوئے روٹ سے جھگڑے کی وجہ سے معطلی کا سامنا کرنے والے وارنر نے میزبان ٹیم کے ہاتھوں شکست کھاجانے والے مقابلے میںصرف 9 رنز بنائے تھے،ان کے علاوہ مچل اسٹارک کمر کے زیریں حصے میں تکلیف کے سبب وطن واپس جانے پر مجبور ہوئے اور ان سے قبل اسٹیون اسمتھ بھی انجری مسائل کے سبب آسٹریلیا واپس جاچکے ہیں، اس طرح ون ڈے سیریز کیلیے آسٹریلوی اسکواڈ اب 18 سے 15 پلیئرز تک محدود ہوگیا ہے۔ آسٹریلوی اسکواڈ میں شامل پلیئرز کے نام یہ ہیں۔ مائیکل کلارک ( کپتان )، جورج بیلی، فواد احمد، ناتھن کولٹر نائل، جیمز فالکنر، آرون فنچ، جوش ہیزل ووڈ، فلپ ہیوز، مچل جونسن، شان مارش، گلین میکسویل، کلنٹ میک کے، ایڈم ووگز، میتھیو ویڈ اور شین واٹسن۔
Load Next Story