شرح سود میں اضافے کا خدشہ حصص مارکیٹ میں بد ترین مندی 436پوائنٹس گر گئے

مجموعی طور پر18 کروڑ1لاکھ53 ہزار570 حصص کے سودے ہوئے.

مندی کے باعث83 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے97 ارب14 کروڑ76 لاکھ89 ہزار716 روپے ڈوب گئے۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

امریکا کی شام پر حملے کی دھمکیوں، شہر میں امن وامان کی سنگین صورتحال اور افراط زر کی شرح میں اضافے کی وجہ سے نئی مانیٹری پالیسی کے تحت شرح سود بڑھنے کے خدشات کے پیش نظر کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر مندی کی بڑی لہر رونما ہوئی ۔

جس سے انڈیکس کی22000 کی نفسیاتی حد گرگئی، مندی کے باعث83 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے97 ارب14 کروڑ76 لاکھ89 ہزار716 روپے ڈوب گئے۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ پیر کو ایک بروکریج ہاؤس کے پاس سرمائے کی قلت اور حصص کی وسیع پیمانے پر آف لوڈنگ کی افواہ بھی زیرگردش رہی لہٰذا داخلی وخارجی سطح پر متعدد منفی عوامل نے سرمایہ کاروں کے حوصلے پست کیے جنہوں نے مارکیٹ میں تازہ سرمایہ کاری کے بجائے حصص کی فروخت پر رحجان غالب رکھا، یہی وجہ ہے کہ کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ منفی زون میں رہی، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیزاور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر71 لاکھ ایک ہزار560 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری بھی کی گئی۔




لیکن اس کے باوجود مارکیٹ میں کسی بھی دورانیے میں تیزی رونما نہ ہوسکی کیونکہ ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں کی جانب سے21 لاکھ49 ہزار955 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے49 لاکھ51 ہزار604 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیاجو بدترین مندی کا باعث بنی نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 436.17 پوائنٹس کی کمی سے21724.68 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس321.46 پوائنٹس کی کمی سے 16929.01 اور کے ایم آئی30 انڈیکس622.85 پوائنٹس کی کمی سے37327.62 ہوگیا۔

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت2.80 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر18 کروڑ1لاکھ53 ہزار570 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کادائرہ کار348 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں45 کے بھاؤ میں اضافہ، 288 کے داموں میں کمی اور 15 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں یونی لیور فوڈز کے بھاؤ20 روپے بڑھ کر5050 روپے اور وائتھ پاکستان کے بھاؤ18.58 روپے بڑھ کر2950 روپے ہوگئے جبکہ کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ59.83 روپے کم ہوکر1735.17 روپے اور سیمینس پاکستان کے بھاؤ30 روپے کم ہوکر964.99 روپے ہوگئے۔
Load Next Story