کراچی پولیس کی پھرتی مختلف علاقوں سے320ملزم گرفتار کرنیکا دعویٰ

بدامنی کیس کی سماعت اور وفاقی کابینہ کے کراچی میں اجلاس نے پولیس میں چابی بھردی،رات بھر تابڑ توڑ چھاپے

بدامنی کیس کی سماعت اور وفاقی کابینہ کے کراچی میں اجلاس نے پولیس میں چابی بھردی،رات بھر تابڑ توڑ چھاپے. فوٹو: فائل

سپریم کورٹ میں کراچی بدامنی کیس کی سماعت اور وفاقی کابینہ کے ہونے والے اجلاس کے موقع پر کراچی پولیس کی پھرتیاں سامنے آگئیں ، پولیس نے پورے شہر میں تابڑ توڑ چھاپہ مار کارروائیاں کچھ اس طرح کیں کہ جیسے شہر سے تمام جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ کردیا جائے گا لیکن اس کے باوجود شہر میں جرائم کا گراف کم ہونے میں نہیں آیا ، پولیس نے مختلف علاقوں سے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا جن میں غیر ملکی باشندے بھی شامل ہیں۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق شہرکے مختلف علاقوں سے 320 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کراچی بدامنی کیس کی سماعت اور کراچی میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس نے پولیس میں چابی بھردی ہے ، رات بھر پولیس نے تابڑ توڑ چھاپے مارے ، کئی علاقوں کا محاصرہ کرکے آپریشن کیے گئے ، گزشتہ روز پولیس نے کھارادر ، بغدادی ، موسیٰ لین اور لیاری کے دیگر علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بغدادی سے 3 ملزمان کو حراست میں لیا گیا لیکن سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ، ناظم آباد سے بینک ڈکیتی میں ملوث ملزم آصف ولد مجید گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے 2 ساتھی منیر اور اقبال فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، ملزم بینک ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔




شاہ لطیف ٹائون پولیس نے قتل کی واردات میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ مومن آباد پولیس نے میٹروول کے علاقے سے بھتہ خوری اور منشیات فروشی میں ملوث 2 ملزمان کاشف علی اور شوکت علی کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی، ملزمان راحت گروپ کے کارندے ہیں۔ ملیر سٹی تھانے کے ایس ایچ او شہزادہ سلیم میمن نے 2 منشیات فروش شفیق بلوچ اور یونس بلوچ کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔ کورنگی پولیس نے 3 ملزمان نعیم، زبیر اور رفیق کو گرفتار کرلیا جبکہ ابراہیم حیدری سے عابد مسیح ، شاہ رخ ، ریحان ، فرحان ، ٹیپو سلطان ، اصغر شاہ نوید عالم اور محمد سمیع پکڑے گئے۔ شرافی گوٹھ پولیس نے 4 ملزمان گرفتار کیے جبکہ سعود آباد پولیس نے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر 6 ملزمان کو گرفتار کرکے نقدی اور سٹے کی پرچیاں برآمد کرلیں۔

نبی بخش پولیس نے 8 ملزمان جبکہ سولجر بازار سے 10 ملزمان پکڑے گئے جن میں مفرور و اشتہاری سمیت 3 غیر ملکی باشندے بھی شامل ہیں۔ سپر مارکیٹ پولیس نے بینک ڈکیتی میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا جبکہ ویسٹ زون پولیس نے اپنے ضلع میں کارروائی کرتے ہوئے 54 ملزمان کو گرفتار کیا جن میں 13 غیر ملکی باشندے بھی شامل ہیں۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق شہر بھر میں پولیس نے 142 چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 320 ملزمان گرفتار کیے گئے جن میں 11 غیر ملکی ، 35 مفرور اور 65 اشتہاری بھی شامل ہیں، اسنیپ چیکنگ کے دوران بھی 114 ملزمان پکڑے گئے ، ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 78 ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
Load Next Story