ڈی جی سی اے اے تقرری کیس سپریم کورٹ حکومت اور سرکاری وکیل پر برہم آئندہ جرمانہ کرینگے چیف جسٹس

وقت بربادکیا جارہا ہے،بظاہرحکومت کی عدم دلچسپی ظاہر ہوتی ہے، ریمارکس،شاہ خاورکوتیاری کیساتھ پیش ہونے کاحکم

نیو بینظیرایئرپورٹ میں بے ضابطگیوں کی سماعت آج تک ملتوی ،سندھ ہائیکورٹ کوامیدواراسمبلی کی ڈگری کے جلدفیصلہ کی ہدایت فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں نیو بینظیر بھٹو ایئر پورٹ کی تعمیر میں بے ضابطگیوں اور ڈی جی سول ایوی ایشن کی تقرری کے کیخلاف درخواستوں پر سماعت آج تک کیلئے ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاورکی تیاری نہ ہونے پربرہمی کااظہارکیااور آج مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا ۔چیف جسٹس نے ان سے استفسارکیا کہ ڈی جی سول ایوی ایشن کی تعیناتی کس رول کے تحت کی جاتی ہے۔ شاہ خاور نے بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی رولز 1982 کے سیکشن 9کے تحت کی جاتی ہے، مذکورہ فرد پندرہ سال تک کلاس ون کا ملازم رہا ہویا اس نے اٹھارہ سال سرکاری ملازمت کی ہو ۔چیف جسٹس نے کہا کہ یہ باتیںتحریری طور پر بتائیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ان کے پاس یہ معلومات تحریر ی طور پر موجود نہیں،انہوں نے مہلت کی درخواست کی تو چیف جسٹس نے کہا عدالت کا وقت ضائع نہ کریں۔آئی این پی کے مطابق عدالت نے شاہ خاورکو ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی تقرری کیخلاف دائر درخواستوں اور تقرری کے بارے میں قوانین کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا ۔عدالت نے شاہ خاور سے کہا ڈی جی سول ایوی ایشن کی تقرری کے حوالے سے سمری پیش کرسکتے ہیں توانہوں نے کہا تھوڑا وقت دیا جائے، عدالت نے شاہ خاورکی سرزنش کرتے ہوئے کہاکہ درخواستوںکو ڈھونڈھنے میں اتنا وقت لگا دیتے ہیں، عدالت کا وقت بربادکیا جارہا ہے بظاہر اس سے حکومت کی عدم دلچسپی ظاہر ہوتی ہے، اگر آئندہ سے اس طرح ہوا تو حکومت پر جرمانہ کریںگے۔




عدالت نے سول ایوی ایشن کے وکیل عبید عباسی کی جانب سے معاونت نہ کرنے پر سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ سول ایوی ایشن کا کوئی والی وارث ہی نہیں ہے۔ این این آئی کے مطابق عدالت نے برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ منگل کو تیاری کرکے نہ آئے تو قیمت ادا کر نا پڑے گی۔الطارق کنسٹرکشن لمیٹڈکے وکیل طارق محمود نے بتایا کمپنی کا کام 96فیصد مکمل ہو چکا ہے، ہماری کمپنی یمن ، متحدہ عرب امارات اور چین میں بھی کام کر رہی ہے، مالکان نے ان ممالک میں جبکہ ایک ڈائریکٹر نے حج پر جانا ہے، عدالت پاسپورٹ کی واپسی کا حکم دے۔

چیف جسٹس نے کہا اس معاملے کوکل(آج) دیکھیںگے۔خصوصی خبرنگارکے مطابق سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 75لکی مروت سے امیدوار ملک عمران کی ڈگری کے بارے سندھ ہائیکورٹ میں زیر التوا مقدمہ جلد نمٹانے کا حکم دیا ہے ۔ملک عمران کے وکیل قاضی انورنے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل نے کراچی یونیورسٹی سے بی کام کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انہوں نے بتایا ڈگری کے بارے میں الزام کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ عدالت نے سندھ ہائیکورٹ ڈگری کوجلد فیصلہ کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی ۔
Load Next Story