موبائل پر فائرنگ کرنیوالے 2 ملزم شہری کی فائرنگ سے ہلاک

پیر آباد پولیس نے مقابلہ ظاہر کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا

پیر آباد پولیس نے مقابلہ ظاہر کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا

پیر آباد کے علاقے نیو میانوالی کالونی میں پولیس موبائل پر فائرنگ کرکے فرار ہونے والے 2 مبینہ ملزمان کو نامعلوم شہری نے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔

پولیس نے واقعے کو مقابلے کا رنگ دے کر ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے،ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت نہ ہونے کے باوجود پولیس نے ان کا تعلق تحریک طالبان سے جوڑدیا، علاقہ مکینوں کے مطابق منگل کو پیر آباد تھانے کی حدود نیو میانوالی کالونی میں کھڑی پولیس موبائل پر فائرنگ کر کے فرار ہونے والے2 مبینہ ملزمان کو نامعلوم شہری نے فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا واقعے کے بعد فائرنگ کرنے والا شہری اور ہلاک ہونے والے ملزمان کے3 ساتھی فرار ہوگئے۔




موقع پر موجود پولیس نے نہ تو انھیں پکڑنے کی کوشش کی اور نہ ہی ان پر فائرنگ کی، واقعے کے بعد پولیس موبائل میں چھپے پولیس افسر اور اہلکار باہر نکلے اور ہوائی فائرنگ کی،کچھ دیر بعد موقع پر پولیس کی بھاری نفری اور ایمبولینسیں پہنچ گئیں ، پولیس افسران کچھ دیر تک ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کا معائنہ کرتے رہے اور ان کی جیبوں سے ملنے والے سامان کو قبضے میں لینے کے بعد لاشیں ایمبولینس میں رکھ کر لے گئے، پیر آباد پولیس کے مطابق 5 ملزمان نے نیو میانوالی کالونی میں علاقہ گشت پر مامور پولیس موبائل پر فائرنگ کی۔

جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 2 ملزمان مارے گئے جبکہ 3 ملزمان موقع سے فرار ہوگئے پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کی عمریں25 سے28 سال کے درمیان ہیں، ہلاک ہونے والوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے 2 پستول اور 2 دستی بم برآمد ہوئے ہیں پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ہلاک ملزمان کی لاشیں ایدھی سرد خانے میں رکھوادیں۔
Load Next Story