شہر کے8علاقے بدترین بد امنی کا شکار پولیس اور رینجرز کیلیے نوگو ایریا بن گئے

لیاری میں 8ماہ میں 349 افراد سے جینے کا حق چھین لیا گیا۔

لیاری اور اطراف کے علاقوں میں بھتہ خور ی عروج پر رہی۔ فوٹو : ایکسپریس

KARACHI:
رواں سال کے دوران شہر کے 8 علاقے امن و امان کے حوالے سے بدترین صورتحال کا شکار رہے۔

ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے دیگر واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی مناسبت سے سب سے بدترین علاقہ لیاری ہے جہاں گذشتہ مہینے کے اختتام تک 349 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، لیاری اور اطراف کے بازاروں میں بھتہ خور ی عروج پر رہی ،ان علاقوں میں سیاسی جماعتوں کے مسلح ونگز، بھتہ خور، ڈرگ مافیا ، لینڈ مافیا، اغوا برائے تاوان کے ملزمان اور کالعدم انتہا پسند تنظیمیں سرگرم ہیں، پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلیے یہ علاقے نو گو ایریاز بن چکے ہیں، ساڑھے 8 کلومیٹر پر پھیلا ہوا لیاری کا علاقہ کراچی میں امن و امان کی مناسبت سے بدترین علاقہ ہے ۔

جس میں لیاری، کھارادر، رنچھوڑ لائن، اولڈ سٹی ایریا، آگرہ تاج کالونی، ہنگورہ آباد، نیا آباد ، بہار کالونی وغیرہ شامل ہیں یہاں پر متحارب سیاسی جماعتوں کے مابین جاری مسلح جنگ، ڈرگ مافیا، بھتہ خور اور اغوا برائے تاوان میں ملوث گروہ سرگرم ہیں، امن وامان کی مناسبت سے دوسرے نمبر پر بدترین بنارس اور اس کے اطراف کا تقریباً 16 کلومیٹر پر محیط ایریا ہے جن میں کٹی پہاڑی، قصبہ کالونی، پیر آباد، پختون آباد، منگھوپیر، مومن آباد، اقبال مارکیٹ، اورنگی ساڑھے 11 اور بجلی نگر شامل ہیں شہر کے اس حصے میں کالعدم تحریک طالبان لینڈ اور ڈرگ مافیا سرگرم ہیں اور رواں سال کے دوران اب تک 244 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، سعید آباد اور اس کے اطراف تقریبا ساڑھے 12 کلومیٹر پر محیط رہائشی کالونیاں ہیں جن میں اتحاد ٹاؤن، موچکو، محمد خان کالونی اور گلشن غازی شامل ہیں۔




شہر کے اس حصے میں کالعدم تحریک طالبان، لینڈ اور ڈرگ مافیا سرگرم ہیں اور رواں سال کے دوران اب تک یہاں 129 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، گولیمار، پاک کالونی، گلبہار، خاموش کالونی اور لیاقت آباد پر مشتمل تقریباً 5 کلومیٹر پر محیط علاقے میں سیاسی اختلافات اور ڈرگ مافیا کی سرگرمیوں کے نتیجے میں 107 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، سرجانی ٹاؤن، بلال کالونی، نصرت بھٹو کالونی اور ناگن چورنگی پر محیط 8 کلومیٹر کے علاقے میں لینڈ مافیا اور سیاسی اختلافات کے سبب مرنے والوں کی تعداد 170 ہے۔

ساڑھے 9 کلومیٹر پر محیط سہراب گوٹھ، گلشن معمار، ابوالحسن اصفہانی روڈ، مبینہ ٹاؤن پر مشتمل علاقے میں کالعدم تحریک طالبان، فرقہ وارانہ پرتشدد وارداتوں میں 187 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، کھوکھرا پار، شاہ لطیف ٹاؤن، ملیر سٹی، میمن گوٹھ، معین آباد، قائد آباد پر مشتمل 13 کلومیٹر کے علاقے میں کالعدم تحریک طالبان، لینڈ اور ڈرگ مافیا سرگرم ہیں، اب تک 143 افراد ہلاک ہوچکے ہیں،کورنگی زمان ٹاؤن، بلال کالونی،عوامی کالونی، شرافی گوٹھ، ابراہیم حیدری اورکورنگی انڈسٹریل ایریا کے تقریباً 10 کلومیٹر علاقے میں سیاسی اختلافات، بھتہ خوروں اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں 144 افراد ہلاک ہوئے۔
Load Next Story