حیدرآباد میں ایک اور کراٹے ایسوسی ایشن قائم

ڈسٹرکٹ کراٹے ایسوسی ایشن کے انتخابات کا کوئی علم نہیں, مخدوم ارشاد

کھیلوں کی ایسوسی ایشنوں کے الیکشن سندھ اسپورٹس بورڈ کی زیرنگرانی ہوتے ہیں, مخدوم ارشاد۔ فوٹو؛ فائل

سندھ سطح کراٹے کی2 ایسوسی ایشنوں کے بعد حیدرآباد میں بھی کراٹے کی ایک اور متوازی ایسوسی ایشن قائم ہوگئی ہے جس کے لیے سیکریٹری سید شمیم نقوی کو منتخب کر لیا گیا ہے۔

حیدرآباد ڈسٹرکٹ کراٹے ایسوسی ایشن کے لیٹر ہیڈ پر جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سندھ کراٹے ایسوسی ایشن کے چیئرمین صادق رضا اور سیکریٹری جنرل انیس خان کی زیر نگرانی میں حیدرآباد ڈسٹرکٹ کراٹے ایسوسی ایشن کے انتخابات لطیف آباد کراٹے سینٹر میں منعقد ہوئے جس میں صدر کے عہدے کے لیے بیگم مہرالنساء گلزار، سیکریٹری جنرل سید شمیم نقوی اور خزانچی شفیق احمد منتخب قرار پائے۔




ڈسٹرکٹ کراٹے ایسوسی ایشن کے انتخابات کے حوالے سے جب ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر حیدرآباد مخدوم ارشاد سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انھیں ڈسٹرکٹ کراٹے ایسوسی ایشن کے انتخابات کا کوئی علم نہیں کیونکہ کھیلوں کی ایسوسی ایشنوں کے الیکشن سندھ اسپورٹس بورڈ کی زیرنگرانی ہوتے ہیں جبکہ سندھ اسپورٹس بورڈ کے پاس حیدرآباد ڈسٹرکٹ کی جو کراٹے ایسوسی ایشن رجسٹرڈ ہے۔

اس کے سیکریٹری فرشاد حسین ہیں۔ دوسری جانب سندھ اسپورٹس بورڈ کے پاس رجسٹرڈ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری فرشاد حسین قریشی کا کہنا ہے کہ سندھ کے بعد حیدرآباد میں بھی متوازی ایسوسی ایشن قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن اس ایسوسی ایشن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے اور ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
Load Next Story