ساف فٹبال علی اشفاق نے بھوٹان پر گولز کی بارش کردی

اسٹرائیکر نے 4 بار گیند کو جال میں پہنچایا، مالدیپ 8-2 سے کامیاب، سری لنکا کیخلاف 3-1 سے فاتح افغان فٹبال ٹیم بھی۔۔۔

پاکستانی سائیڈ کو اگلے مرحلے میں رسائی کیلیے آج بنگلہ دیش کیخلاف واضح مارجن سے فتح درکار، بھارت اور نیپال کا مقابلہ بھی نتیجہ خیز ہونا ضروری۔ فوٹو: فائل

ساف فٹبال چیمپئن شپ میں مالدیپ کے علی اشفاق نے بھوٹان پر بھی گولز کی بارش کردی۔

اسٹرائیکر نے4 بار گیند کوجال کی راہ دکھا کر ٹیم کو 8-2 سے کامیابی دلائی، سری لنکا کیخلاف3-1 سے کامیابی نے افغانستان کو بھی فائنل فور میں پہنچا دیا۔گروپ اے میں پاکستان کو ٹاپ فور میں رسائی کیلیے جمعرات کو بنگلہ دیش کیخلاف واضح مارجن سے فتح حاصل کرنا ہوگی، بھارت اور نیپال کا میچ بھی نتیجہ خیز ہونا ضروری بن گیا، برابری پر بلو شرٹس اور میزبان ٹیم اگلے مرحلے میں چلی جائیں گی اور گرین شرٹس اسکواڈ بنگال ٹائیگرز کو ہرانے کے باوجود ایونٹ سے باہر ہوجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق مالدیپ نے بھوٹان کو 8-2 سے آؤٹ کلاس کردیا، علی اشفاق نے ایک بار پھر گولز کی بارش کردی،اسٹرائیکر نے دوسرے ہاف میں 4 بار گیندکو جال میں پہنچایا، فاتح سائیڈ نے 16 ویں منٹ میں علی فیزیر کے گول کی مدد سے برتری حاصل کی، بھوٹان کے پسان تشرنگ نے گول داغتے ہوئے مقابلہ1-1 سے برابر کردیا،35 ویں منٹ میں چینگچوگیلٹشین نے مالدیپ کے دفاعی پلیئرز اور گول کیپر کو ڈاج دیتے ہوئے گول بنایا، پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں مالدیپ کے محمد عمیر نے مقابلہ برابر کردیا۔


وقفے کے بعد مالدیپ کے کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور حریف گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملوں کا سلسلہ شروع کردیا۔ 48 ویں منٹ میں علی اشفاق نے گول کر کے ٹیم کو 3-2 سے برتری دلادی۔ 3 منٹ بعد ایک بار پھر گیند علی اشفاق کو ملی جنھوں نے برتری کو دگنا کردیا، بعد ازاں مالدیپ کے کھلاڑیوں نے آؤ دیکھا نہ تاؤ بھوٹان پر گولز کی بارش کردی۔ علی فزیر کے گول کے بعد علی اشفاق نے تین منٹ میں مزید 2 گول داغ دیے، آخری لمحات میں علی عمر نے میچ کا اسکور8-2 کردیا۔ اس کامیابی نے مالدیپ کو سیمی فائنل کھیلنے کا حقدار بھی بنا دیا،گروپ بی میں شامل دیگر2 ٹیمیں سری لنکا اور بھوٹان دونوں مقابلے ہار کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئیں۔



قبل ازیں بدھ کو پہلے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو 3-1 سے زیر کرتے ہوئے سیمی فائنل میں قدم رکھا، ناکام سائیڈ نے36 ویں منٹ میں محمد فضل الزمان کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، دوسرے ہاف میں افغان کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف سائیڈ کو مکمل طور پر دباؤ میں رکھا، 62 ویں منٹ میں محمد رفیع نے کارنر کک پر ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچایا،10 منٹ بعد ہارون فخرالدین نے انفرادی کوشش سے گول داغتے ہوئے افغان سائیڈ کو2-1 کی سبقت دلادی، بعدازاں سری لنکن کھلاڑیوں نے بھی افغان گول پوسٹ کا گھیراؤ کرلیا اور میچ برابر کرنے کیلیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا مگر کامیابی نہ مل سکی، میچ ختم ہونے سے 3 منٹ قبل افغان فارورڈ حشمت اللہ براک زئی نے محمد رفیع کے ساتھ مل کرگول کردیا، ٹیم نے گروپ بی میں مسلسل دوسری کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل کیلیے ٹکٹ بک کرالی۔

جمعرات کوگروپ اے کے 2 میچز کھیلے جائیں گے، بھارت کا سامنا نیپال جبکہ پاکستان کا بنگلہ دیش سے ہوگا، گرین شرٹس کو واضح مارجن سے فتح درکار ہو گی، اس کے علاوہ بھارت اور نیپال کا مقابلہ بھی نتیجہ خیز ہونا ضروری ہے،بلو شرٹس اور میزبان سائیڈ ڈرا کی صورت میں اگلے مرحلے کیلیے کوالیفائی کرجائیں گی، پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کو باہر ہونا پڑے گا۔ گروپ اے میں نیپال کی ٹیم اب تک 2میچز میں4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، میزبان سائیڈ نے دونوں مقابلوں میں 3 گول کیے جبکہ اس کیخلاف ایک گول ہوا، بھارتی ٹیم نے اتنے ہی میچز کھیلے،اس کے پوائنٹس کی تعداد بھی 4 مگر کم گول اوسط کی وجہ سے گروپ میں اس کا دوسرا مقام ہے، بلو شرٹس نے دونوں میچوں میں2 گول کیے جبکہ اس کے خلاف ایک گول ہوا۔ گرین شرٹس ایک پوائنٹ کے ساتھ گروپ کی تیسری ٹیم ہے، اسے ابتدائی میچ میں بھارت کے ہاتھوں ایک گول سے شکست کھانا پڑی،نیپال کیخلاف مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔ بنگلہ دیش ٹیم نے بھی ایک پوائنٹ حاصل کررکھا ہے مگر کم اسکور کی وجہ سے اس کا گروپ اے میں آخری نمبر ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story